اردو میں ساہتیہ اکادمی کا ترجمہ ایوارڈ 2016 ممتاز ادیب حقانی القاسمی کو

22 ہندستانی زبانوں کے لیے ترجمہ ایوارڈ کا اعلان
\"16649298_413121255694809_4424890596008977078_n\"
نئی دہلی، (اسٹاف رپورٹر)ساہتیہ اکادمی کے صدر وشوناتھ پرشاد تیواری کی صدارت میں ساہتیہ اکادمی کی مجلس انتظامیہ کی میٹنگ ہوئی جس میں 22 ہندستانی زبانوں کے ساہتیہ اکادمی ترجمہ ایوارڈ 2016 کے لیے کتابوں کے انتخاب کو منظوری دی گئی۔ اردو میں ترجمہ ایوارڈ کے لیے ممتاز ادیب و صحافی حقانی القاسمی کو جوزف میکوان کے ساہتیہ اکادمی انعام یافتہ گجراتی ناول ’آنگلیات‘ کا ہندی سے اردو ترجمہ کے لیے منتخب کیا گیا۔ حقانی القاسمی اردو کے مختلف اخبارات اور رسائل سے ادارتی وابستگی کے علاوہ اردو کے ادبی جریدے ’استعارہ‘ کی ادارت کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ ان کی ایک درجن سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہیں جن میں ’طوافِ دشتِ جنوں‘، ’بدن کی جمالیات‘ اور ’ادب کولاژ‘ قابل ذکر ہیں۔ متعدد مجلات میں ان کی تنقیدی تحریریں تواتر سے شائع ہوتی رہتی ہیں۔ ان دنوں وہ قومی اردو کونسل، حکومت ہند کے جریدے ’فکر و تحقیق‘ اور ’اردو دنیا‘ کے ادارتی عملے سے وابستہ ہیں۔
اردو کے لیے جیوری کی میٹنگ ساہتیہ اکادمی کی اردو مشاورتی بورڈ کے کنوینر معروف شاعر جناب چندربھان خیال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ممبران میں ڈاکٹر سیدہ سیدین حمید، ماہر منصور اور نصرت ظہیر شامل تھے۔ دیگر انعام یافتہ مترجمین میں گیتا چودھری (بنگالی)، بسنت پریکھ (گجراتی)، پی جے رامن (ہندی)، قاضی ہلال دلنوی (کشمیری)، ریوتی مشر (میتھلی) وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ اس سال انگریزی اور ملیالم زبانوں کے ایوارڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ساہتیہ اکادمی ہر سال 24 زبانوں کے مترجمین کو ایوارڈ کے لیے منتخب کرتی ہے۔ یہ ایوارڈ پچاس ہزار روپے نقد اور توصیف نامے پر مشتمل ہے۔ امسال ایوارڈ کے لیے یکم جنوری 2010 سے 31 دسمبر 2014 تک شائع تراجم زیرغور آئیں۔ انعامات کی تقسیم آئندہ خصوصی تقریب کے دوران ہوگی۔

Leave a Comment