اردو ناول: تعریف، تاریخ اور تجزیہ

کتاب کا تعارف

مشہور تخلیق کار ونقاد، پروفیسر ڈاکٹر صغیر افراہیم کی تصنیف ہے۔ آپ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے پروفیسر اور ماہ نامہ ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے مدیر ہیں۔ آپ کا شمار موجودہ دور کے اہم ناقدین میں کیا جاتا ہے۔ آپ کی کل ۱۲؍ کتابیں اور تحقیقی مقالات و مضامین منظر عام پر آچکے ہیں۔ جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آپ کا دائرہ صرف فکشن تک محدود نہیں ہے بلکہ آپ محقق ونقاد ہونے کے ساتھ تخلیق کار بھی ہیں۔ زیر تعارف کتاب میں آپ نے ناول کی تعریف ، تاریخ ، ارتقا، اس کے اجزائے ترکیبی مثلا قصہ،اسلوب، غرض و غایت، نقطۂ نظر وغیرہ پر تفصیلی اور مدلل گفتگو کرتے ہوئے یہ اجاگر کیا ہے کہ مغرب، مشرق پر کیوں کر اثر انداز ہوا؟ مغربی ناول کی روایت اور مفاہیم کیا ہیں؟ کیا مغرب کے فلسفیانہ اور ادبی نظریات اور علم نفسیات کے پیدا کردہ رجحانات نے اردو ناول کو ایک نئی شناخت دی ہے؟ شعور کی رو، آزاد تلازمۂ خیال، داخلی خود کلامی ، علامت نگاری وجودیت، تجریدیت، وغیرہ نے انسانی واردات کے مطالعہ کو کس حد تک متاثر کیا ہے اور اس کے اثرات کہاں تک نظر آتے ہیں۔ ان تمام موضوعات کا احاطہ کیا ہے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ناول کی تاریخ پر اردو میں سب سے جامع و مانع کتاب آپ نے لکھی ہے۔ اس سے قبل یوسف سرمست نے ’’بیسویں صدی میں اردو ناول‘‘ اور علی عباس حسینی نے ’’ اردو ناول کی تاریخ ‘‘ اور شہاب ظفر اعظمی کی ’’ اردو ناول کا سلوبیاتی مطالعہ ‘‘جیسی کتابیں لکھیں لیکن پروفیسر ڈاکٹر صغیر افراہیم کی یہ کتاب اپنے ماقبل کی تمام خوبیوں کا احاطہ کرتی ہے۔ انھوں نے اردو ناول کی تعریف، تاریخ اور تجزیہ میں تمام ہیتی اور تکنیکی تجربوں اور موضوعات کے تنوع کو منظر عام پر لانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ ایک کامیاب ناقد ہونے کی حیثیت سے انھوں نے بعض اہم ناول نگاروں کی چنندہ تخلیقات سے اس طرح بحث کی ہے کہ متذکرہ ناول نگار بیشتر فنی صلاحیتیں بھی احاطۂ تحریر میں آگئی ہیں۔ اور ناول کے ڈیڑھ سو سالہ سفر میں فکری و فنی اعتبار سے جو بھی اہم تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ،ان سب کا قرار واقعی یہ کتاب احاطہ کرتی ہے۔ پورے وثوق سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اردو ناول کی تعریف ،تاریخ اور تجزیہ سے بھر پور آشنائی کے لیے یہ کتاب ایک دستاویز کا درجہ رکھتی ہے۔ علمی، ادبی و تحقیقی حلقوں میں اسے اعتبار کا درجہ حاصل ہوگا اور اردو ناول پر بحث و تحقیق کرنے والے اساتذہ و طلبہ یکساں طور پر استفادہ کریں گے۔ ۳۲۴؍ صفحات پر مشتمل اس دستاویزی کتاب کی قیمت ۵۰۰؍ روپے ہے۔ ناشر برائون پبلی کیشنز ،نئی دہلی ہے۔

ملنے کا پتہ :۔ ایجو کیشنل بک ہائوس ،علی گڑھ، یوپی ہے ۔رابطہ نمبر : 09358257696

Leave a Comment