نظام آباد۔ 27مارچ(ای میل) حکومت آندھرا پردیش نے 25مارچ کو جاری اپنے ایک سرکاری حکمنامہ کے ذریعے گزشتہ سال سے عثمانیہ کالج کرنول میں کارکرد ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی اے پی کے لئے اردو کے ممتاز محققـ‘نقاد‘ادیب ‘ شاعر‘مترجم ‘افسانہ نگار‘ماہر لسانیات اور صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد پروفیسر مظفر علی شہ میری کو وائس چانسلر نامزد کیا ہے۔ اردو کے استاد اردو داں طبقہ کے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ حکومت نے تدریس کی اعلی درس گاہ یونیورسٹی کے اعلی انتظامی عہدے کے لئے انہیں نامزد کیا ہے۔انہیں چار سال کی مدت کے لئے اعلی عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر مظفر علی شہ میری نے اردو میں ڈاکٹریٹ کیا۔ اور سری وینکٹیشورا یونیورسٹی میں اسوسی ایٹ پروفیسر رہے بعد میں ان کا تقرر یونیورسٹی آف حیدرآباد کے شعبہ اردو میں ہوا۔ جہاں انہیں پروفیسر اور صدر شعبہ اردو کے عہدے پر ترقی ملی۔ انہوں نے دو معیاد کے لئے صدر شعبہ اردو کا فریضہ انجام دیا۔ پروفسیر مظفر شہ میری بہ یک وقت ٹملـ‘تلگو‘انگریزی‘اردو اور فارسی میں عبور رکھتے ہیں۔ زبانوں کے تقابلی مطالعے میں انہوں نے تحقیقی ولسانیاتی کام کیا ہے۔ ای ٹی وی اردو پر آئو اردو سیکھیں پروگرام پیش کیا۔ انہوں نے برطانیہ اور دیگر ممالک میں اردو سمیناروں میں شرکت کی۔ عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کے علاوہ انہوں نے بے شمار قومی سمیناروں میں کلیدی خطبہ پیش کیا۔ ان کی تحقیقی کتابوں کے علاوہ تخلیقی کتابوں کے تراجم بھی شائع ہوئے۔طلباء کے لئے وہ نہائت شفیق استاد رہے ان کے زیر نگرانی کئی طلبا نے اردو میں ڈاکٹریٹ کی تکمیل کی۔ شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد اور تلنگانہ یونیورسٹی میں منعقدہ قومی سمیناروں میں انہوں نے کلیدی خطبے پیش کئے۔ انہیں حج بیت اللہ کی سعادت بھی نصیب ہوئی ۔ پروفیسر مظفر علی شہ میری کو اے پی میں قائم ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کے تاسیسی وائس چانسلر نامزد کئے جانے کے پر مسرت موقع پر اردو اسکالرس اسو سی ایشن نظام آباد کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی‘ ڈاکٹر محمد ناظم علی کے علاوہ ذمہ داران اسوسی ایشن محمد عبدالبصیر‘ڈاکٹر محمد عبدالقوی‘محمد عبدالرحمٰن‘جمیل نظام آبادی‘محمد نصیر الدین‘رضی الدین اسلم‘ تلنگانہ یونیورسٹی شعبہ اردو کے اساتذہ ڈاکٹر اطہر سلطانہ‘ڈاکٹر گل رعنا‘ڈاکٹر موسیٰ اقبال‘شہر نظام آباد کے شعرا ادیبوں‘اردو اخبارات کے صحافیوں اور محبان اردو نے مبارک باد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پروفیسر مظفر علی شہ میری نئی یونیورسٹی میں ابتدا تا پی ایچ ڈی اردو ذریعے تعلیم کو فروغ دیں گے۔شعبہ جات کا قیام یونیورسٹی کے لئے کیمپس کی تعمیر اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کے تقررات اور دیگر امور کی انجام دہی میں محبان اردو نے ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آندھرا علاقہ میں یونیورسٹی کی کارکردگی سے فروغ اردو میں مدد ملے گی۔