اُردو یونیورسٹی حیدر آبادٹیچرس اسوسئیشن کے نئے عہدیداروں کی حلف برداری

\"2\"

حیدرآباد، 29؍ اکتوبر (اسٹاف رپورٹر) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، ٹیچرس اسوسئیشن (مانوٹا) کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری آج منعقد ہوئی۔ جناب ظفر یونس سریش والا، چانسلر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈاکٹر جنید ذاکر، تیسری مرتبہ صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئے ہیں۔ پروفیسر سید نجم الحسن، صدر نشین انتخابی کمیٹی نے نو منتخب عہدیداروں کو حلف دلایا۔ ڈاکٹر محمد جنید ذاکر کے علاوہ ڈاکٹر ملک ریحان احمد، نائب صدر؛ جناب شہیر الزماں، جنرل سکریٹری؛ ڈاکٹر سعادت اللہ شریف، جوائنٹ سکریٹری (تنظیمی)، ڈاکٹر بونتو کوٹیا، جوائنٹ سکریٹری (تشہیری) اور جناب سید امان عبید، خازن کی حیثیت سے حلف لیا۔ مانوٹا کے مختلف عہدوں کے لیے 7؍ اکتوبر کو رائے دہی ہوئی تھی۔ اس موقع پر جناب سریش والا نے اپنی تقریر میں کہا کہ صحیح کام کرنے کے لیے کسی مینڈیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ یونیورسٹی طلبہ مرکوز سرگرمیاں اختیار کر کے ہی کامیاب ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ طلبہ میں موجود جوہر کو پہچانیں اور اسے تراش کر دنیا کے سامنے پیش کریں۔ مسائل، باہمی بات چیت کے ذریعہ حل کیے جائیں۔جناب سریش والا نے نئے عہدیداروں کو انتخابی سرٹیفکیٹ حوالے کیے۔ نو منتخب صدر ڈاکٹر جنید ذاکر نے اپنی تقریر میں کہا کہ فکری انحطاط قوموں کے زوال کا سبب بنا ہے۔ انہوں نے صحت تعلیمی اور انتظامی ماحول تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تربیت اور اصلاح اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر سبکدوش اسوسئیشن کے صدر پروفیسر ابوالکلام، جنرل سکریٹری، ڈاکٹر محبوب باشا، ڈاکٹر دستگیر باشا شبنور، جوائنٹ سکریٹری اور خازن ڈاکٹر اشونی بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ ابتداء میں جناب محمد سراج الدین کی تلاوت اور ترجمہ سے کاروائی کا آغاز ہوا۔ پروفیسر نجم الحسن نے انتخابی رپورٹ پیش کی۔ ڈاکٹر علیم باشاہ، رکن الیکشن کمیٹی نے نظامت کی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر لائبریری آڈیٹوریم میں اساتذہ برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔
\"1\"

Leave a Comment