اگر آپ نے اردو زبان کو خلوص سے پڑھا تو دنیا میں ضرور سرخرو ہوں گے

قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں ستیہ وتی کالج کے اردو طلبا سے کونسل کے ڈائرکٹر کا خطاب

\"SAM_5581\"
نئی دہلی (اسٹاف رپورٹر )قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میںستیہ وتی کالج کے اردو طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں کونسل کے تعارف اور سرگرمیوں پر مبنی ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دکھایا گیا۔ اس کے بعدکونسل کے ڈائرکٹر نے طلبا اور اساتذہ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند قدم ہے کہ ستیہ وتی کالج کے طلبا آج یہاں موجود ہیں اور اردو کے اِس ادارے میں ہماری کارکردگی دیکھنے آئے ہیں۔ ستیہ وتی کالج کے اساتذہ قابل مبارکباد ہیں کہ انھوں نے اس بارے میں سوچا اور اپنے طلبا کو یہاں لے کر آئے۔ اس پروگرام میںکونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے اردو زبان و ادب کی اہمیت پر پرمغز گفتگو کی اور مطالعہ کی عادت ڈالنے پر زور دیا۔ انھوں نے بچوں سے روزانہ کچھ دیر اردو کتابیں پڑھنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر آپ نے مطالعے کی عادت برقرار رکھی تو آپ کی زبان، رہن سہن، سوچ اور زندگی میں انقلابی طور پر تبدیلی آئے گی اور آپ کو زندگی میں کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
ستیہ وتی کالج، شعبہ اردو کے استاد ڈاکٹر شیح عقیل نے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم کا تعارف کرایا اور انھیں اردو دنیا کی سب سے زیادہ فعال شخصیت بتایا۔ ڈاکٹر قمر الحسن اور ڈاکٹر ندیم احمد نے بھی اس موقع پراظہار خیال کیا۔ کونسل کے ڈائرکٹر نے کونسل کی جانب سے شائع کردہ جامع انگریزی اردولغت کا مکمل سیٹ اور کونسل کی کتابوں کا ایک سیٹ سبھی طالب علموں کوتحفتاً پیش کیا۔
اس موقع پر ستیہ وتی کالج کے اساتذہ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد، ڈاکٹر قمرالحسن، ڈاکٹر رئیسہ پروین،نسرین رئیس خان، ڈاکٹر سجاد مہدی حسین،پروین کمار، ڈاکٹر نعمان عالم، ڈاکٹر ندیم اور ڈاکٹر شبیر موجود تھے۔کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال،ریسرچ آفیسرشاہنواز محمد خرم اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید اور شعیب رضا فاطمی بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔
\"SAM_5472\"

Leave a Comment