ڈائریکٹر میڈیا شریف اکیڈمی لندن کے مطابق اردو زبان وادب کی خدمت میں سر گرمِ عمل تنظیم ’’اردو تحریک عالمی ۔یو کے ‘‘کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سالانہ عالمی سیمینار کے موقع پر پاکستان میں مقیم نامور شاعرہ ،نثر نگار اور ماہرِ تعلیم محترمہ ایم زیڈ کنول کوانکی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف و اعزاز میں فخرِ اردو ایواڈ سے نوازا گیا ۔محترمہ ایم زیڈ کنول جو اردو ،پنجابی اور ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینیجمٹ میں ایم اے کے ساتھ ساتھ ایم ایڈ بھی ہیں ۔انکی شاعری کی دو کتب ’’چہرے گلاب سے ‘‘اور ’’کائنات مٹھی میں ‘‘منصۂ شہود پر آکر عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر چکی ہیں ۔جبکہ مزید آٹھ کتابیں تدوین واشاعت کے مراحل میں ہیں ۔جن میں اردو شاعری کے علاوہ پنجابی شاعری اور مختلف اصناف پر نثر کی کتابیں شامل ہیں ۔آپ مختلف تنظیموں سے وابسطہ رہ کر علم وادب کے فروغ کے لیے ایک عرصہ سے خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔اورفروغ علم و ادب کی تنظیم ’’جگنو انٹرنیشنل‘‘ کی بانی و چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے اردو ادب کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر اردو تحریک عالمی کے بانی و صدر ڈاکٹر عبدالغفار عزم نے انکی صلاحیتوں اور ادبی خدمات کے اعزازا میں فخرِ اردو کے ایوارڈ کا مستحق قرار پانے پر کہا کہ وہ ملک و قوم کی مایہ ناز سرمایہ ہیں ہم سراپا سپاس ہیں کہ اللہ تعالی اس عظیم خاتون کو اُن کی صلاحیتوں اور اُن کے کارناموں کوروز افزوں نوازتا رہے۔ہم مزید دادوخراج و تحسین کا ارمغان پیش کرتے ہیں اور اسی جذبے سے متاثر ہو کر نیز اپنی روش کی پاسبانی میں اُن کی خدمات کے اعزاز میں’’ فخرِ اردو ایوارڈ‘‘ کا ہدیہ پیش کرتے ہیں‘‘عالمی سیمینار میں مختلف ممالک سے شاعروں اور ادیبوں کے علاوہ پاکستان ہائی کمیشن کے نمایندے اور برطانیہ کے اہل قلم و اہلِ دانش نے شرکت کی ۔