بائیسواں (۲۲)عالمی مشاعرہ بیادِ احمد ندیم قاسمی۲۰۱۶ء کا دوحہ قطر میں انعقاد

بیسواں (۲۰)عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ ۲۰۱۶ء

پاکستان سے امجدؔ اسلام اور ہندوستان سے جاوید اخترؔ ایوارڈ کے حقدار

روز نامہ ــ’’ سیاست‘‘سمیت پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے لیے ایوارڈ

٭ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ
\"14721489_1437116372983669_5484455958471432634_n\"

\"14606461_1436020896426550_8153538189497905841_n\"

مجلسِ فروغِ اُردو ادب،دوحہ ۔ قطر کے عہدیداران،(دائیں سے بائیں) فرتاش سید(صدر)، ۔فرقان احمد پراچہ(جنرل سیکرٹری)،امین موتی والا(جوائنٹ سیکرٹری) اور جاوید ہمایوں(نائب صدر)۔

دوحہ،۲۵؍اکتوبر۔ عالمی شہرت یافتہ ادبی تنظیم ’مجلسِ فروغِ اُردو ادب دوحہ۔قطر ‘کے زیرِاہتمام’’بیسواں (۲۰) عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ ۲۰۱۶ء‘‘ پاکستان سے نامور شاعر،ڈراما نگار اورکالم نگار امجداسلام امجدؔ اور ہندوستان سے شاعرو نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اخترکو پیش کیا جائے گا۔۱۹۹۶؁ء سے تاحال تواتر اور تسلسل کے ساتھ ہر سال ایک پاکستانی اور ایک ہندوستانی ادیب کی خدمت میں مشترکہ طور پر پیش کیا جانے والا ’’عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ‘‘ ایک لاکھ پچاس ہزارروپے کیش اور طلائی تمغہ پر مشتمل ہے۔قبل ازیں ’’عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ‘‘احمد ندیم قاسمی اور پروفیسر آلِ احمد سرور سے لے کر اب تک ۱۹پاکستانی اور۱۹ ہندوستانی نثر نگاروںکی خدمت میں پیش کیا جا چکا ہے۔
بائیسویں (۲۲)عالمی مشاعرہ بیادِ احمد ندیم قاسمی اور بیسویں (۲۰)عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ ۲۰۱۶ء کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مجلسِ فروغِ اُردو ادب دوحہ۔قطر ‘کی مجلسِ انتظامیہ کا اجلاس چیئرمین مجلس محمد عتیق کی صدارت میں ہوا،جس میں فرتاش سیّد (صدر) ، جاوید ہمایوں،شادؔ اکولوی(نائب صدور)،فرقان احمد پراچہ(جنرل سیکرٹری) امین موتی والا،رضا حسین رضا(جوائنٹ سیکرٹریز) فرزانہ صفدر،روئیس ممتاز(میڈیا سیکرٹریز ) ،قمر الزمان بھٹی اور رضا نقوی نے شرکت کی۔گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے محمد عتیق نے گذشتہ کئی سالوں سے مجلس کی سرپرستی کرنے پر’’وزارتِ ثقافت و اسپورٹس، ریاستِ قطر‘‘کے حسنِ تعاون کا شکریہ اداکیا۔اجلاس میں ’’بیسویں (۲۰)عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ ۲۰۱۶ء‘‘ کے انتخاب پر پاک و ہند کی جیوریزکے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خورشید رضوی اور پروفیسر ڈاکٹر گوپی چند نارنگ اور اراکین ِ جیوری کا بھی شکریہ اداکیا گیا۔مزید برآں پاک و ہند میںجیوریز کے اجلاسوں کے بطریقِ احسن انتظامات پر مجلس کے کوآرڈی نیٹرز دا ؤد احمدملک اورکفایت دہلوی کی تعریف بھی کی گئی۔ فرتاشؔ سید نے اب تک ہونے والے انتظامی امور کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ مجلس کے جملہ عہدیداران و اراکین، پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے پرجوش انداز میں مصروفِ عمل ہیں۔
اس موقع پر ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی جس کے مطابق امجد اسلام امجدؔ اور جاوید اختر کی خدمت میں مشترکہ طور پر’ ’’بیسواں (۲۰)عالمی فروغِ اُردو ادب ایوارڈ ‘‘، ’’الجیوانا ہال‘‘ ریڈیسن بلو ہوٹل دوحہ میںبتاریخ۲۸/ اکتوبر ۲۰۱۶ء کو ہونے والے ’’بائیسویں (۲۲) عالمی مشاعر ہ ببا دِ احمد ندیم قاسمی ‘‘ کے موقع پرپیش کیا جائے گا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر شعبۂ تعلقاتِ عامہ وزاتِ داخلہ ریاستِ قطر بریگیڈئیر عبداللہ خلیفہ المفتاح ،مہمانانِ اعزازی پروفیسر ڈاکٹر گوپی چند نارنگ،پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم اور محترمہ شبانہ اعظمی ہوں گے جب کہ ایوارڈ کی تقریب کی نظامت کے فرائض فرتاشؔ سیّد اور فرقان احمد پراچہ سرانجام دیں گے۔
چوں کہ امسال مجلس(۱۹۹۱ء۔۲۰۱۶ء)کی سلور جوبلی تقریبات ہیں ،اِس لیے اُن پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا گروپ کو بھی اعزازات پیش کیے جائیں گے جنھوں نے اُردو ادب کے فروغ کے لیے مجلس کی تقریبات کو حسنِ ادارت سے نوازا۔ایوارڈ پانے والوں میں ای۔اُردو ٹی۔وی ،میٹرو نیوز 1ٹی۔وی چینل،ایف۔ایم ۔ریڈیو قطر (اُردو)، دوحہ سے نکلنے والے انگریزی روزنامے گلف ٹائمز ، قطر ٹریبیون،پینن سولا ،معروف صحافی اشرف صدیقی اورروزنامہ سیاست حیدرآباد۔روزنامہ سیاست حیدرآباد کے چیف ایڈیٹر عامر علی خان ایوارڈ وصول کرنے کے لیے بہ نفسِ نفیس تشریف لا رہے ہیں۔
ایوارڈز کی تقسیم کے بعد بائیسویں سالانہ عالمی مشاعرہ کی صدارت جاوید اختر کریں گے جب کہ نظامت کے فرائض ایوب خاور سرانجام دیں گے۔دیگر شعرأ و شاعرات میں پاکستان سے امجد اسلام امجدؔ،پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم،خالد مسعود خان اور قیصر وجدی۔ہندوستان سے ڈاکٹرمظفرعلی شہ میری،حسن کاظمی، خورشید عالم اور علینا عترت۔برطانیہ سے احسان شاہد،جرمنی سے شازیہ نورین ، امریکہ سے ناہید ورک، ابوظہبی سے ظہورالاسلام جاویدؔ جب کہ قطر کی نمائندگی فرتاشؔ سیّد، محمد رفیق شادؔ اکولوی اور رضا حسین رضاؔ کریں گے۔

Leave a Comment