ہمارالائحہ عمل ایسا ہوکہ ہم اپنی زبان کی اہمیت سمجھیں۔ ڈاکٹر عبدالغفور
اردو اکادمی سبھی یونیورسیٹیوں کی کامیاب اردو نصابی کتابیں شائع کرے گی ۔مشتاق احمد نوری
پٹنہ: (اسٹاف رپورٹر) بہاراردواکادمی کے سمینارہال میں، وزیر اقلیتی فلاح حکومت بہار و کارگزار صدر اکادمی کے زیر صدارت، آج (۲۰،ستمبر ۲۰۱۶ء) مجلس عاملہ کی ایک اعلیٰ سطحی نشست ہوئی جس میں اکادمی کے نائب صدرور جناب سلطان اختر اور پروفیسر اعجاز علی ارشد نیز سکریٹری اکادمی جناب مشتاق احمد نوری اور ڈاکٹر خالد مرزا ڈائرکٹر ہائرایجوکیشن کے علاوہ مجلس عاملہ کے ممبران پروفیسر جاوید حیات صدرشعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی، ڈاکٹر انیس صدری صدر صدرشعبہ اردو متھلا یونیوسٹی، دربھنگہ، ڈاکٹرسید احمد قادری، ڈاکٹر زرنگار یاسمین، ڈاکٹر عابد رضا نقوی، پروفیسر ظفرکمالی، زیڈ اے اسلامیہ کالج، سیوان، ڈاکٹر نبی احمد، صدر شعبہ اردو جے پرکاش نرائن یونیورسٹی، چھپرہ، ڈاکٹر اقبال اختر، الشمس ملیہ کالج، ارریہ، ڈاکٹر فصیح الدین احمدصدرشعبہ اردو ،آر جے ایم کالج، سہرسہ، پروفیسر نکہت خانم، صدرشعبہ اردو تلکا مانجھی یونیورسٹی، بھاگلپور، پروفیسر نفیس فاطمہ صدر شعبہ اردو، بہاریونیورسٹی ، مظفرپور،پروفیسر محمد توقیر خاں، صدر شعبہ اردو، ویرکنور سنگھ یونیورسٹی، آرانے شرکت کی، ساتھ ہی ساتھ اس نشست میں ڈاکٹر قاسم خورشید،ڈاکٹر ریحان غنی، سید شہباز عالم اور سید راشد احمد نے بھی مدعوئین خصوصی کے طورپر حصہ لیا۔
سکریٹری اکادمی کے ذریعہ وزیر محترم کو گل پیشی کے بعد نشست کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ سکریٹری موصوف نے اپنے تازہ عزائم اور ترقیاتی فنڈ کے سلسلے میں حالیہ کاوشوں کا مختصر تذکرہ کرتے ہوئے اعداد و شمار کی روشنی میں ضروری صورت حال سے حاضرین کو آگاہی دی۔
آج کی نشست میں گزشتہ 10فروری1916ء کی نشست میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کے بعد یکے بعد دیگرے متعدد نئے اور تازہ ایجنڈوں پر تبادلہ خیال کیاگیا اور اہم فیصلے لئے گئے۔ ان ایجنڈوں کا تعلق ’’اکادمی آپ تک‘‘ پروگرام کی پیش رفت مسودوں پر اشاعتی اعانت، کتابوں پر انعامات، مختلف کتابوں کی تیاری کے پروجیکٹ، تراجم کتب و مضامین، اکادمی کے خبرنامہ کی نشاۃ ثانیہ، ادبی و علمی ایوارڈ، اردو لائبریری، معذور قلم کاروں کی اعانت، اردو انجمن اور اداروں کو مالی تعاون، مختلف نوعیت کی تقریبات کے انعقاد، مختلف اضلاع میں اکادمی کی شاخ کے قیام، اکادمی مطبوعات کی فروخت و نمائش، اردو تربیتی کورس، اردو طلبا و طالبات کے لئے اسکالرشپ کے اجرا اور نئی نسل کے شعرا و ادبا کی علمی و فنی ترقی کے لئے تربیتی پروگرام جیسے امورسے تھا۔
آج کی نشست میں اکادمی خبرنامہ کے جلد سے جلد اجرا کا فیصلہ کیاگیا اور اس کے لئے سبھی ممبران نے ڈاکٹر ریحان غنی کو مدیر بنانے کا مشورہ دیا اور مجلس عاملہ نے اس تجویز پر اپنی منظوری دی۔
اس نشست میں وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایسا لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے کہ ہم اردو والے اپنی زبان کی اہمیت سمجھ سکیں اور ہماری نئی نسلیں کسی بھی طرح اردو سے بلند نہ رہیں۔ اس موقع پر سکریٹری اکادمی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نصابی کتابیں اگر مہیا ہوں تو اکادمی انہیں ترجیحی طورپر شائع کرے گی اور ناخواندگان و نوخواندگان کے لئے لٹریچر کی تیاری میں بھی خصوصی دلچسپی لی جائے گی۔
مجلس عاملہ نے یہ بھی فیصلہ لیا کہ مختلف یونیورسٹی میں اردو کی جو کمیاب اردو نصابی کتابیں ہیں اسے بھی اردو اکادمی شائع کرے تاکہ طالب علموں کو اس سے فائدہ ہو۔ سکریٹری اکادمی جناب نوری نے سبھی صدر شعبہ اردو سے گزارش کی کہ وہ اپنی اپنی یونیورسٹی کے اردو نصاب کی کمیاب کتابیں اکادمی کو دستیاب کرادیںتاکہ اکادمی انہیں جلدسے جلد شائع کرسکے۔