نئی دہلی ۔9؍ستمبر 2016 انجمن ترقی اردو( ہند) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اطہر فاروقی کی دعوت پر ترکی کے پانچ ریسرچ اسکالر نے اردو گھر کا دورہ کیا ۔ اردوگھر کی بنیاد ہی اردو زبان وادب کے فروغ و استحکام کیلئے رکھی گئی تھی جو الْحَمْدُ لِلّٰہ اپنے مشن کی طرف رواں دواں ہے۔ ترکی کے یہ ریسرچ اسکالرز اردو زبان وادب،کلچر، تہذیب و ثقافت اور سیاسی و سماجی ہم آہنگی کے لیے ایک خاص پروجیکٹ پر ریسرچ کی غرض سے ہندستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔اس پروجیکٹ کے روح رواں پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین اور ڈاکٹر خلیل طوق آر(ترکی) ہیں۔ان کا مقصد بین الملوکی یا دونوں ملکوں کے درمیان زبان و تہذیب کا لین دین ہے، جس سے دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر زبان و تہذیب کو فروغ حاصل ہوگا۔ آج یہ تمام ریسرچ اسکالرز اردو گھر میں ایک مختصر مگر یادگار جلسے کے لیے مدعو ہوئے جس میں ڈاکٹر اطہر فاروقی نے ہندو ترکی کے درمیان رابطے کے اس اہم پروجیکٹ کو سراہتے ہوئے ریسرچ اسکالرز کو قیمتی مشورے سے نوازا، ساتھ ہی اردو گھر میں موجود نادر و نایاب اردو ذخائر کا معائنہ بھی کروایا ۔اس موقع پر ان تمام ریسرچ اسکالرز کو انجمن ترقی اردو (ہند) کی اہم مطبوعات کا ایک سیٹ بہ طور تحفہ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں موجود بطور خاص ڈاکٹر اطہر فاروقی، ڈاکٹر سید اختر، ڈاکٹر رضا حیدر، پروفیسر انور پاشا ، جاوید رحمانی ، ترکی کے اسکالرز و دیگر کے نام قابل ذکر ہیں۔