جموں یونیورسٹی میں دوروزہ عالمی اُردوکانفرنس کی تیاریاں زوروں پر

\"\"
جموں//(اسٹاف رپورٹر) شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کی طرف سے 16 اور17 ستمبر 2019 کو ’’اُردوادب میں علاقائی تہذیب وثقافت ‘‘کے موضوع پردوروزہ عالمی اُردو کانفرنس کاانعقاد کیاجارہاہے جس میںملک کے علاوہ بیرونی ممالک مثلاً کنیڈا ،انگلینڈ ،ایران ، مصر ،بنگلہ دیش وغیرہ سے مندوبین شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ 15 ستمبرکوعالمی اُردومشاعرہ جبکہ 16 ستمبر کی شام کو ایک شامِ غزل کابھی اہتمام ہوگا جس میں رام پور گرانہ سے تعلق رکھنے والے معروف غزل گوگلوکار اُستادسخاوت حسین خان غزلوں کوآوازکاپیرہن عطاکرکے شرکاء کومحظوظ کریں گے۔یہ جانکاری میڈیاکوصدرشعبہ اُردواورڈین فیکلٹی آف آرٹس جموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک نے دیتے ہوئے بتایاکہ دوروزہ عالمی اُردوکانفرنس کی تیاریاں زوروں پرہیں اوراس کانفرنس میں نہ صرف بیرون ممالک سے مندوبین حصہ لے رہے ہیں بلکہ ملکی سطح کے قدآور ادباء بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عالمی اُردومشاعرے میں معروف شعرااپناکلام پیش کریں گے جبکہ شامِ غزل میں معروف غزل گو گلوکار اُستادسخاوت حسین خان اپنی گلوکاری سے غزلیں پیش کرکے سامعین کومحظوظ کریں گے۔پروفیسرشہاب عنایت ملک نے کہاکہ عالمی اُردوکانفرنس میں رساجاودانی میموریل ایوارڈ پروفیسرمنوج کماردھر،وائس چانسلر جموں یونیورسٹی کوسائنس کے شعبے میں خدمات اورجموں یونیورسٹی کوعالمی سطح پرشہرت دلانے کیلئے عطا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں ریاستی گورنر کے صلاحکاروں فاروق احمدخان اورخورشیداحمدگنائی کی شرکت بھی متوقع ہے ۔اس کے علاوہ کانفرنس میں مختلف مصنفین کی کتابوں کا رسم اجراء بھی کیا جائے گااور اُردواسکالر کانفرنس کے منتخبہ موضوع سے متعلق مقالات بھی پیش کریں گے۔
\"\"

Leave a Comment