ترا خیال کبھی چھو کے جب گزرتا ہے
بدن کے رنگ سے آنچل مرا مہکتا ہے
جے پور، 9مارچ (اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم خواتین کے موقع پر راجستھان اردو اکادمی، جے پور نے ”خوشبوؤں کی شام، خواتین کے نام“ ایک شان دار کل ہند خواتین مشاعرے کا انعقاد کیا جس میں سامعین نے بطور خاص گوا کی مشہور شاعرہ فوزیہ رباب کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔ فوزیہ رباب نے خواتین کے حوالے سے اپنی نظم اور غزلیں پیش کیں، جس میں ان کے ان اشعار کو پسند کیا گیا:
درد سہہ کر بھی مسکراتی ہے
درد کی پاسبان عورت ہے
آدمی کچھ نہیں بنا اس کے
آدمی کی اڑان عورت ہے
اکادمی کے سکریٹری معظم علی نے بتایا کہ اس مشاعرے میں ملک بھر کی معروف شاعرات نے شرکت کی جن میں پربھا ٹھاکر (جے پور)، ملکہ نسیم (جے پور)، حنا تیموری (آگرہ)، انا دہلوی (دہلی)، صبا بلرام پوری (لکھنؤ)، قمر سرور (احمد نگر)، شبانہ شبنم (اجین)، فوزیہ رباب (گوا)، جیوتی آزاد (گوالیار)، مہر ماہی (بانسواڑہ) اور زینت کیفی (جے پور) شامل ہیں۔ یہ مشاعرہ روندر منچ، رام نواس باغ، جے پور کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔
مشاعرے کی صدارت ریاستی حقوق انسانی کمیشن راجستھان کے صدر گوپال کرشن ویاس نے کی۔ مشاعرے کا افتتاح ڈویژنل کمشنر جے پور، ڈاکٹر سمت شرما (اڈمنسٹریٹر راجستھان اردو اکادمی، جے پور) نے کیا۔ اس کے علاوہ مہمانِ اعزازی محمد یوسف (سابق صدر، راجستھان وقف بورڈ) اور مہمان ذی وقار رفیق خان (ایم ایل اے، راجستھان) نے اس موقع پر خوش گوار تاثرات کا اظہار کیا۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض مشہور شاعر معین شاداب نے انجام دیے۔