ممبئی (اسٹاف رپورٹر)ریاست مہاراشٹر کی اردو ساہتیہ اکیڈمی نے جہاں ادبی اورعلمی میدان میں نمایاں خدمات کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے وہیں انعام یافتہ کتابوں کی فہرست بھی شائع کی ہے جس پر مصنفین اورشعرا انعام سے نوازے جائیں گے ۔ اکادمی کے اعلان کے مطابق مشہورادیب رحمن عباس کے ناول ’روحزن‘ کا انتخاب گزشتہ سال کی بہترین فکشن کتاب کے لیے ہوا ہے۔ اس سے پیشتررحمن عباس کے تین ناول شائع ہو چکے ہیں۔ انھیں ان کے تیسرے ناول ’خدا کے سائے میں آنکھ مچولی‘ پر بھی بہترین ناول کا انعام مل چکا ہے۔
’روحزن‘ رحمن عباس کا چوتھا ناول ہے جو 2016 شائع ہوا۔ کتاب کی رسمِ رو نمائی جشنِ ریختہ میں مشہور شاعر محمد علوی، پاکستانی ادیب آصف فرخی، پاکستانی فکشن رائٹر محمدحمید شاہد، معروف شاعر شمیم عباس اور فرحت احساس کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ تب سے اب تک یہ ناول ادبی اور علمی حلقوں میں اپنے کرافٹ، موضوع، اسلوب اورفارم کے حوالے زیر بحث ہے۔ اس ناول کا جرمنی، انگریزی اوار ہندی زبان میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ معروف ناقدین، ادبا اور قارئین نے ناول کو پہلے ہی کافی سراہا ہے۔
مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کے اعلان کے مطابق تقسمِ انعامات کی تقریب ۱۳ /نومبر کو ممبئی میں منعقد ہوگی جس میں ریاست مہاراشٹرکے چیف منسٹرکی شرکت متوقع ہے۔