رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی نےاعلان کا خیر مقدم کیا
جموں(اسٹاف رپورٹر)رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی نے وزیرخزانہ حسیب درابو کی جانب سے ریاست میں اُردوکونسل کے قیام کے اعلان کاخیرمقدم کیاہے۔ اس سلسلے میں رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی کی میٹنگ تنظیم صدر پروفیسر شہاب عنایت ملک کی صدارت میں منعقدہوئی۔اس دوران مقررین نے پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت کی طرف سے اُردوکے فروغ کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کوسراہا۔ سوسائٹی کے ممبران نے کہاکہ اگرچہ اُردوریاست کی سرکار ی زبان ہے اس کے باوجود سابقہ ریاستی حکومت نے اُردوکو نظراندازکیااوراسے اس کاجائزحق نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت کی جانب سے ریاست میں اُردوکونسل کے قیام کی تجویزخوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ اُردوہی واحدایسی زبان ہے جوریاست کے تمام خطوں کے آپسی رابطے کاذریعہ ہے۔اپنے صدارتی خطاب میں رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی کے صدر پروفیسرشہاب عنایت ملک نے کہاکہ اُردو نے ہندوستان کی جنگ آزادی میں اہم رول اداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ اُردوایک تہذیب یافتہ زبان ہے جس نے کشمیرسے کنیاکماری تک ملک کوایک لڑی میں جوڑے رکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک بات ہے کہ جس زبان نے جنگ آزادی میں کلیدی رول نبھایا اسے جموں وکشمیر کی سابقہ حکومتوں نے نظراندازکیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈوگر ہ حکومت کے دوران اُردو کوبڑے پیمانے پر ترقی دی گئی تھی لیکن اس کے بعد کی تمام حکومتوں نے اس کے ساتھ ناانصافی ہی کی۔ پروفیسرشہاب عنایت ملک نے کہاکہ اُردوکونسل یااُردواکیڈمی کاقیام محبان اُردوکی دیرینہ مانگ تھی جس کوپوراکرنے کااعلان ایک پرعزم شخصیت حسیب درابونے گذشتہ روز کیا جوکہ باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے امیدظاہرکی کہ ریاست میں اُردوکونسل کے قیام سے سرکاری دفاتر میں بھی اُردورائج ہوگی اوراس زبان کواس کاجائزحق ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی دوسری ریاستوں میں اُردواکیڈمیاں قائم ہیں جہاں اُردوسرکاری زبان نہیں ہے توپھرجموں وکشمیرمیں اُردواکیڈمی کیوں قائم نہیں ہوسکتی۔پروفیسر شہاب عنایت ملک نے وزیرخزانہ حسیب درابو کو مبارکبادپیش کی جنہوں نے ایوان بالا میں ایم ایل سی ظفراقبال منہاس کے سوال کاجواب دیتے ہوئے ریاست میں اُردوکونسل کے قیام کااعلان کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ سابقہ ریاستی حکومتوں نے بھی متعددبار اُردوکی ترقی کے بلندبانگ دعوے کیے تھے لیکن وہ آج تک وفانہیں ہوئے ۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ ڈاکٹرحسیب درابو اُردوکونسل کے قیام کے اعلان کو عملی جامہ پہناکر تاریخ رقم کریں گے۔ اس دوران میٹنگ میں ڈاکٹرمحمدریاض احمد، ڈاکٹر چمن لعل، ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس ، اسیرکشتواڑی، پیارے ہتاش ، روی ٹھاکرودیگران بھی موجودتھے۔