ریاست جموں وکشمیرکے مایہ نازسپوت پروفیسرخیرات محمد ابن رساؔ کاانتقال

برصغیرعظیم نقصان سے دوچار،علمی،ادبی اورسیاسی حلقوں کااظہارتعزیت
\"\"

جموں،(اسٹاف رپورٹر)ریاست جموں وکشمیرکے مایہ نازسپوت پروفیسرخیرات محمد ابن ِ رساگزشتہ روز لاہورپاکستان میں رحلت فرماگئے۔ پروفیسرخیرت کوملتان یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلراورپنجاب یونیورسٹی لاہوراورالخیریونیورسٹی پی اوکے،کے وائس چانسلرکے طورپرخدمات انجام دینے کاشرف حاصل رہاہے۔ ملازمت سے سبکدوشی کے بعد رپروفیسرموصوف کوپاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں بہتری لانے کاکام سونپاگیا۔ ریاست جموں وکشمیرکے عالمی شہرت یافتہ اُردواورکشمیری شاعر رساؔجاودانی کے فرزندپروفیسرخیرات کاجنم 5اکتوبر 1926کوبھدرواہ میں ہوا۔ بارہویں جماعت تک تعلیم گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول بوائزبھدرواہ اوربی ایس سی کی تعلیم جی جی ایم سائنس کالج جموں اورایم ایس سی۔کیمسٹری کی ڈگری علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے حاصل کی۔ملک کی تقسیم کے بعد پروفیسرخیرات پاکستان چلے گئے اورپھر اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں براؤن یونیورسٹی امریکہ پہنچے جہاں سے انہوں نے 1959 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔پروفیسرخیرات کونمایاں خدمات کیلئے پاکستانی حکومت کی جانب سے سب سے اعلیٰ سویلین ایوارڈ”ستارہئ امتیاز“اوراقبال سنٹینری میڈل کے علاوہ براؤن یونیورسٹی یوایس ا ے (امریکہ) نے پوٹرپرائزسے بھی نوازہ ہے۔موصوف سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقارعلی بھٹواورسابق صدرِ پاکستان ضیاء الحق کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔ ذوالفقارعلی بھٹونے پروفیسرخیرات محمدابن رساکوامریکہ سے واپس لاکرملتان یونیورسٹی پاکستان کاپہلاوائس چانسلرنامزدکیا اوراس کے بعد جنرل ضیاء الحق نے انہیں پنجاب یونیورسٹی لاہورکاوائس چانسلربنایا۔پروفیسرخیرات نے جنرل اسلامک ایجوکیشنل،سائٹنفک اینڈکلچرل آرگنائزیشن (ISESCO)میں ڈپٹی ڈائریکٹرکی حیثیت سے1984تا1991 خدمات انجام دیں اوراس کے علاوہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف جنیٹکس کے سرپرست اعلیٰ کے طورپربھی کام کیا۔ موصوف نے آرگینک کیمسٹری میں تین درجن سے زائد کتابیں لکھیں جنہیں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے نصاب میں پڑھایاجارہاہے۔ پروفیسرخیرات محمدابن رساکی وفات پر پاکستان کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیرکے تعلیمی، ادبی اورسیاسی حلقوں سے بڑے پیمانے پرتعزیت کااظہارکرتے ہوئے اسے برصغیرکیلئے ناتلافی نقصان قراردیاجارہاہے۔پروفیسرخیرات محمدابن رساکی نمازجنازہ آج شام لاہوریونیورسٹی کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔اس کے بعدریاست کے اس عظیم سپوت کوسپردِ خاک کیاجائے گا۔
\"\"\"\"

Leave a Comment