سرسید کی ہمہ جہت شخصیت کے سبھی پہلوؤں پر بڑے پیمانے پر کام کئے جانے کی ضرورت : پروفیسرطارق منصور

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اے ایم یوکے تاریخی جریدہ ماہنامہ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے خصوصی شمارہ کا اجراء کیا
\"\"

علی گڑھ،(اسٹاف رپورٹر)اکتوبر : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے آج اپنے دفتر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تاریخی جریدہ ماہنامہ ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے خصوصی شمارہ ’’ سرسید نمبر ‘‘کا اجراء کیا۔
اس موقع پر ماہنامہ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے مدیر پروفیسر صغیر افراہیم، شعبہ رابطۂ عامّہ کے ممبر انچارج پروفیسر ایم شافع قدوائی ،یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) ،شعبۂ اردو کے سربراہ پروفیسر طارق چھتاری،ڈاکٹر سیما صغیر اورماہنامہ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے نائب مدیر مسٹر احمد مجتبےٰ قریشی موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ سرسید کی ہمہ جہت شخصیت کے سبھی پہلوؤں کو تحقیقی مطالعہ کے احاطہ میں اب تک نہیں لایا سکا ہے۔ اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر کام کئے جانے کی ضرورت ہے اور اس امر کی بھی ضرورت ہے کہ ان کی تعلیمی تحریک کی افادیت اورایک صدی سے زائد عرصہ کو محیط اس کے اثرات پر تفصیلی کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے2017میں سرسید کے دوصد سالہ یومِ پیدائش کو منانے کے لئے دوصدی تقریبات کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سرسید کی حیات و خدمات پر کتابوں اور رسالوں کی اشاعت، سیمیناروں اور کانفرنسوں وغیرہ کے علاوہ سرسیدسے متعلق مختلف پروگراموں کا انعقاد عمل میں آیا۔
ماہنامہ ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کے مدیر پروفیسر صغیر افراہیم نے کہا کہ سرسید کا یومِ پیدائش اس اعتبار سے خاص طور پر اہم ہے کہ ہمیں یہ احتساب کرنا چاہئے کہ سرسید کی تحریک کو با معنی بنانے میں ہم نے کیارول ادا کیا اور نئی نسل کے مستقبل کو مزید روشن بنانے کے لئے ہمیں کیا لائحۂ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماہنامہ ’’ تہذیب الاخلاق‘‘ کا تازہ شمارہ ہر سال سرسید کو دنیا بھر میں یاد کرنے کی روایت کا پاسدار ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ اس شمارہ میں سرسید کی زندگی کے تمام پہلوؤں پر مضامین کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی شمارہ ۲۸۷؍صفحات پر مشتمل ہے جس میں ممتاز ماہرین سرسید کے چالیس سے زائدمضامین شامل کئے گئے ہیں۔

Leave a Comment