لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی ادارے بند ہیں ،لیکن اس مشکل گھڑی میں بھی شعبہءاردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تعلیمی اور انتظامی سرگرمیاں آن لائن جاری ہیں.
پروفیسر شہزاد انجم، صدر شعبہ ءاردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ
نئی دہلی (اسٹاف رپورٹر)تمام اساتذہ نے اس دوران یوٹیوب، گوگل میٹ، زوم، آڈیو ریکارڈنگ، اسکین شدہ مواد کی فراہمی اور واٹس ایپ کے ذریعے طلبا کا نصاب مکمل کیا، وہ ان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور طلبا بذریعہ ای میل اسائنمنٹ بھی ارسال کررہے ہیں.شعبے کے تعلیمی اور انتظامی مسائل کے حوالے سے صدرِ شعبہ پروفیسر شہزاد انجم کی صدارت میں شعبے کی تاریخ میں پہلی آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں گوگل میٹ پر ڈین فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز پروفیسر محمد اسدالدین، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر خالد جاوید، پروفیسر عبدالرشید، پروفیسر ندیم احمد، ڈاکٹر سرورالھدیٰ، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیراحمد، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم،ڈاکٹر سمیع احمد، ڈاکٹر سلطانہ واحدی،ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر جاوید حسن اور ڈاکٹر ثاقب عمران کے علاوہ ٹیکنیکل آفیسر فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز فیاض علی شریک ہوئے.شعبے کے وابستگان کے لیے میٹنگ کا یہ پہلا آن لائن تجربہ تھا، خصوصاً لاک ڈاؤن کے دوران ایک طویل عرصے تک کوئی اجتماعی رابطہ منقطع رہنے کے سبب اس میٹنگ میں سبھی اساتذہ کی نہایت پرجوش شرکت نے میٹنگ کو خوش گوار بنانے میں اہم کردار ادا کیا.