(ڈائریکٹر میڈیا شریف اکیڈمی )شریف اکیڈمی جرمنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متفقہ فیصلہ کے مطابق شاعری پر شریف اکیڈمی ایوارڈ 2014جرمنی میں مقیم پختہ لب ولہجہ کے جواں سال شاعر طاہر عدیم کو ان کے تیسرے مجموعہ کلام ’’بوسہ‘‘ پر اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں مقیم جدید لب و لہجہ کے شاعر یامین کو ان کے شعری مجموعہ ’’دھوپ کا لباس‘‘پر دیا جائے گا یہ ایوارڈ امسال لاہور میں منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ عالمی کنونشن کے موقع پردئے جائیں گے ۔
طاہر عدیم کونظم اور غزل پر دسترس حاصل ہے ۔انکی غزلوں اور نظموں پر مشتمل تین شعری مجموعے شائع ہو کر ادبی دنیا میں مقام حاصل کر چکے ہیں ۔انکی شاعری خوبصورت الفاط اور تراکیب سے مرصع ہے ۔فکر کی گہرائی و گیرائی اپنے اندر رکھتی ہے ۔جرمنی کے ادبی حلقوں میں ن کا شمار سینئر شعراء میں ہوتا ہے ۔’’بوسہ ‘‘ انکا تیسرا مجموعہ کلام ہے ۔حلقۂ ارباب ذوق جرمنی کے نام سے ایک تنظیم کے بانی ممبر اور صدر ہیں ۔جو فروغ ادب کے لیے خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔
یامین کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے ۔آپ کوٹلی میں پیدا ہوئے ۔ مظفر آباد میں مقیم ہیں ۔انکا شمار اردو نظم کے ان شعراء میں ہوتا ہے جنہیں جدید نظم میں صاحب اسلوب اور صائب الرائے شاعر تسلیم کیا جاتا ہے ۔حلقۂ ارباب ذوق،اکیڈمی ادبیات اور پاکستان کے تمام بڑے ادبی حلقوں میں یامین کی رائے کو سند کا درجہ حاصل ہے ۔انہوں نے بھگت کبیر کے اشعار کابھی ترجمہ کیا ۔انکا شعری مجموعہ ’’دھوپ کا لباس‘‘جدید نظموں پر مشتمل ہے ۔جسے ادبی حلقوں میں پذیرائی نصیب ہوئی۔