علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج آڈیٹوریم میں سالانہ تقریب کاشاندار انعقاد

\"Prof

علی گڑھ، (اسٹاف رپورٹر) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے ویمنس کالج آڈیٹوریم میں ’’ کالج ڈے۔2017‘‘ کاشاندار انعقاد عمل میں آیا جس میں اساتذہ و طالبات نے شاندار ادبی و ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریزنے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کالج کے لئے متعدد سہولیات کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ویمنس کالج کے اساتذہ اور طالبات کے لئے بغیر کسی تفریق کے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے طالبات کی تعلیم کے منقطع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کوروکنے کی طرف قدم اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ویمنس کالج کے لئے پانچ اسمارٹ کلاس روم کی تعمیر، آڈیٹوریم کی مرمت اور جدید کاری، نئی کمپیوٹر لیب وغیرہ کی تعمیر کرانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ ان کے لئے فنڈ بھی مہیا کرادیا گیا ہے۔ انہوں نے سرسید احمد خاں اور کالج کے بانی شیخ عبداللہ اور اعلیٰ بی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرسید نے مذہبی ماحول میں جدید تعلیم دینے کی طرف توجہ دی توشیخ عبداللہ اوران کی اہلیہ اعلیٰ بی نے تعلیمِ نسواں کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی رہائش، بہتر ماحول، کوچنگ، کھیل وغیرہ سے متعلق مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس سے قبل مہمانِ ذی وقار ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وجہ سے ہوں اور جب تک ممکن ہوگا ادارہ کی خدمت کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو اپنی صلاحیتوں کی شناخت کرتے ہوئے اپنی کمزوریوں پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہئے تبھی وہ کامیابی کی منازل طے کر سکیں گی۔ انہوں نے پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریز اور ان کی پوری ٹیم کو با صلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویمنس کالج کوالٹی ایجوکیشن کے لئے جانا جاتا ہے۔
کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریز نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے بانی شیخ عبداللہ نے اب سے سوسال پہلے ہی خواتین کی مضبوطی کی طرف توجہ مرکوز کی تھی۔ آج ویمنس کالج شمالی ہندوستان کا سب سے اچھا تعلیمی ادارہ ہے جس میں کوالٹی ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ یہاں ملک اور بیرونی ممالک کی طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلمیٰ انصاری، عصمت چغتائی وغیرہ اسی کالج کی طالبہ رہی ہیں۔
اس موقع پر اردوسیکشن کی استانی عمرانہ خاتون نے حضرت امیر خسرو کا کلام ’’ چھاپ تلک۔۔۔۔۔ پیش کیا جبکہ طالبات بشریٰ اور اسنوحی نے پاپ سونگ پیش کیا۔ کالج کی طالبات نے کالج گیت، ترانۂ علی گڑھ اور دیگر ثقافتی پروگراموں کے ساتھ امیر خسرو کے راگ ایمن کلیاں پر مبنی لوک گیت’’ گجرا بناکے آ ملنیا‘‘ پیش کیا۔ پروگرام کو آرڈینیٹر پروفیسر نگار زبیری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شعبۂ ہندی کی استانی ڈاکٹر شگفتہ نیاز کی کتاب’’ دھرم کے آئینے میں مسلم استری‘‘ کی رسمِ اجراء بھی عمل میں آئی ڈاکٹر بشریٰ حسین نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر ناظورہ عثمانی اور محترمہ حمیرا آفریدی نے انجام دئے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں کالج اساتذہ اور طالبات موجود تھیں۔
\"Prof
\"Prof

Leave a Comment