غالب انسٹی ٹیوٹ دہلی کی جانب سےغالب ایوارڈ 2017ء کا اعلان

ڈاکٹر ارتضیٰ کریم، ڈاکٹر شہناز نبی، ڈاکٹر قاضی جمال حسین، ڈاکٹر سید حسن عباس، شفیع مشہدی کو ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان

\"63057255\"

نئی دہلی(اسٹاف رپورٹر) غالب انسٹی ٹیوٹ کے ایوارڈکمیٹی کی ایک اہم میٹنگ27/نومبرکو ایوانِ غالب میں غالب ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس آفتاب عالم کی صدارت میں ہوئی،جسٹس آفتاب عالم کے علاوہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی ، ڈاکٹر شمیم حنفی،پروفیسر چندر شیکھر، ڈاکٹر اطہر فاروقی، اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضاحیدرمیٹنگ میں موجود تھے ۔
اس اہم موقع پر تمام ممبران نے غالب انسٹی ٹیوٹ کے پُروقارغالب انعامات 2017ء کے 6؍اہم انعامات پر فیصلہ کیا۔ اردو کے ممتاز ناقد ودانشور،کئی اہم کتابوں کے مصنف اورشعبئہ اردوعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر قاضی جمال حسین کو اُن کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں فخر الدین علی احمد غالب ایوارڈ برائے اردو تحقیق و تنقید سے سرفراز کیا جائے گا۔
فارسی کے نامور اسکالراور رضا لائبریری رامپور ڈائرکٹر پروفیسر سید حسن عباس کو فخرالدین علی احمد غالب ایوارڈ برائے فارسی تحقیق و تنقید کے لئے منتخب کیا گیا۔
معروف تخلیق کاراردو مشاورتی کمیٹی، بہار کے چیئرمین شفیع مشہدی کا نام غالب ایوارڈ برائے اردو نثر کے لئے طے کیا گیا۔
عہدِ حاضرکے نامور شاعرہ اور کلکتہ یونیورسٹی شعبہ اردو کی سابق چیئرپرسن ڈاکٹر شہناز نبی کا نام غالب انعام برائے اردو شاعری کے لئے تجویز کیا گیا۔ ہم سب غالب ایوارڈبرائے اردو ڈرامہ کے لئے مشہور ڈرامہ نگاراوراپنی تحریرکے ذریعے اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے والے ڈرامہ نویس ڈاکٹر محمد کاظم کے نام پر اتفاق ہوا۔
مجموعی ادبی خدمات کے لئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر و شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے سابق صدر ڈاکٹر ارتضیٰ کریم کے نام پر میٹنگ میں بیٹھے تمام اراکین نے اتفاق کیا۔
یہ تمام ایوارڈ بین الاقوامی غالب تقریبات کے افتتاحی اجلاس میں22/دسمبر 2017ء کو سرٹیفکیٹ،مومنٹو اور 75ہزار روپے نقدکے ساتھ ایوانِ غالب میں عطا کئے جائیں گے ۔ غالب انسٹی ٹیوٹ پچھلے 40 برسوں سے 200 سے زائد انعامات اردو وفارسی، ادب، صحافت، ثقافت ، سائنس، اور مختلف علوم و فنون میدان میں کام کرنے والے اہم دانشوروں کو اُن کی گرانقدر خدمات کے لئے نواز چکا ہے ۔
غالب ایوارڈ کی ایک اہم خاصیت یہ بھی ہے کہ اردو اور فارسی کے اساتذہ، ادبا، شعرا اور نامور ہستیوں کے مشوروں کو مدِّ نظر رکھ کر ایوارڈ کمیٹی انعامات کافیصلہ کرتی ہے ۔

Leave a Comment