قائم رہے گی این سی پی یو ایل کی خود مختاری: مہندر ناتھ پانڈے

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی چوبیسویں مجلس عاملہ کی میٹنگ میں وزیر مملکت کی یقین دہانی
\"20616811_1227762564035845_4653259449812500120_o\"

نئی دہلی (اسٹاف رپورٹر ) مرکزی حکومت اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ سرگرم ہے اور قومی اردو کونسل کی خود مختاری قائم رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل (اعلیٰ تعلیم) ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے نے کیا ۔ وہ آج انڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں منعقدہ قومی اردو کونسل کی چوبیسویں مجلس عاملہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کونسل کے دائرۂ اثر اور سرگرم کارکردگی سے پوری طرح واقف ہے ۔ اس لیے نہ تو اس ادارے کو ضم کیا جائے گا اور نہ ختم۔
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی مجلس عاملہ کی سالانہ میٹنگ میں وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل (اعلیٰ تعلیم) نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نیتی آیوگ کی طرف سے دیے گئے مشورے پر خوب بحث ہو رہی ہے لیکن ہمارے وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر اس حقیقت سے پوری طرح سے واقف ہیں کہ قومی کونسل کیا کارہائے نمایاں انجام دیتی ہے اور اس کا دائرہ کس قدر وسیع ہے۔ عام لوگوں تک اردو کے فروغ میں کونسل نے قابل تحسین کام کیے ہیں۔ 2017 میں گذشتہ برسوں کے مقابلے زیادہ بجٹ فراہم کرایا گیا ہے اور کونسل نے موبائل ایپ، ای پب وغیرہ(ذرائع ابلاغ) کی مدد سے اردو زبان کو بین الاقوامی سطح پرمشتہر کرنے کا کام کیا ہے۔ اردو زبان کی تعلیم دینے والے اساتذہ کی تنخواہیں بھی جولائی2017سے بڑھائی گئی ہیں۔ حکومت کونسل کے اس کام کی ستائش کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ آئندہ وہ مزید سرگرم اور فعال رہ کر اپنی ذمے داریاں نبھائے گی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ اس کارگر اور سرگرم ادارے کی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام زبانیں محبت کو فروغ دیتی ہیں اور ہماری حکومت اردو زبان سمیت تمام علاقائی زبانوں کے فروغ و ارتقا کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں محبت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے پابند عہد ہیں اور اردو زبان محبت کو عام کرنے کی علمبردار رہی ہے اس لیے اردو کا فروغ حکومت کی اہم ذمے داری میں شامل ۔انھوں نے مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل جناب پرکاش جاوڈیکرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم ترین ادارے کی سالانہ میٹنگ کی صدارت میرے لیے باعث افتخار ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں انعقاد پذیر چوبیسویں مجلس عاملہ کی میٹنگ میں ملک بھر سے ارکان و عہدے داران آئے ہوئے تھے ۔ پروگرام کے آغاز میں ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان پروفیسر ارتضیٰ کریم نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور ان کو کونسل کی تازہ مطبوعات کا سیٹ پیش کیا ۔
بعد ازاں میٹنگ میں کونسل کی سالانہ کارکردگی بذریعۂ پاور پوائنٹ پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایجنڈے پر گفتگو شروع ہوئی جو بے حد خوش گوار ماحول میں تقریباً ایک گھنٹے تک چلی۔ اس دوران جہاں گذشتہ میٹنگ میں قائم کیے گئے اہداف کی تکمیل پر ممبران نے ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کو مبارک باد پیش کی وہیں کونسل کے جملہ کارکنان کی بھی ستائش کی گئی۔ اس موقع پر اپنی گفتگو میں ڈائرکٹر قومی کونسل نے تمام ممبران اور وزیر محترم کو یقین دلایا کہ قومی کونسل نے جس طرح گذشتہ اہداف کو حاصل کیا ہے اسی طرح ابھی متعین کیے گئے اہداف کو بھی خوش اسلوبی سے انجام تک پہنچائے گی۔ ڈائرکٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ دسمبر میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کونسل کی بیس سالہ کامیاب کارکردگی پر محیط رہے گی۔
انھوں نے اس موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں بہ طور خاص ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹرایس ایس سندھو، جواننٹ سکریٹری و فائننشیل ایڈوائزر محترمہ درشنا ایم ڈبرال کے ساتھ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں ایجنڈے پر بحث میں خاص طور سے پروفیسراخترالواسع، ممبرآف پارلیامنٹ جاوید علی، ممبرآف پارلیامنٹ انور راجا، ان کے علاوہ ڈاکٹر نصرت مہدی، منوری بیگم، شائستہ یوسف ، شمع خان، احتشام حسین عابدی، رفیع بھنڈاری، حذیفہ مظفر، مولانا صہیب قاسمی، محمد کلیم انصاری، حاجی اقبال خان، حسن باقر کاظمی نے حصہ لیا۔

Leave a Comment