قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس 30اکتوبر سے

قومی اور عالمی سطح پر اردو کوفروغ دیے جانے پر غور خوض کیا جائے گا: پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین

*ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی دہلی سے خصوصی رپورٹ

\"Dr
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان حکومت ہند کے زیر اہتمام فروغ اردو بھون میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اخبارات اور نیوز چینلز کے نمائندے نے شرکت کی۔ اس موقع پر کونسل کے ڈائرکٹرپروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے ان نمائندگان سے خطاب کیا اور سہ روزہ عالمی کانفرنس کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔انھوں نے کہا کہ اردو ایک ہند آریائی زبان ہے اور پورے بر صغیر میں یہ ایک رابطے کی زبان کی بھی حیثیت رکھتی ہے۔ اسی لیے آج یہ زبان دنیا کے مختلف خطو ں میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ اردو کی ان بستیوں سے بھی اردو زبان و ادب کو ایک نئی جہت اور ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔ اس عالمی کانفرنس کا انعقاد اسی مقصد کے پیش نظر ہے تاکہ اردو کو عالمی سطح پر بھی فروغ دینے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں اور اسے عہد حاضر کے تقاضوں سے جوڑتے ہوئے روزگار سے بھی جوڑا جا سکے۔
کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سہ روزہ عالمی کانفرنس میں دس ممالک کے نمائندہ اردو شخصیات شرکت کررہی ہیں۔30اکتوبر کو دہلی کے انڈیا ہیبٹیٹ سینٹر میں اس عالمی کانفرنس کا افتتاح ہوگا اور باقی تمام اجلاس 31تا یکم نومبر2014 جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے کنوینشن سینٹر میں منعقد ہوں گے۔اجلاس کا موضوع ’اکیسویں صدی میں اردو کا سماجی و ثقافتی فروغ ‘ ہے جس میں ملک و بیرون ملک کی نمائندہ شخصیات اپنے مقالات پیش کریں گی۔ اجلاس میں کینیڈا، امریکہ، جرمنی، مصر، ڈنمارک، پاکستان، ایران، ازبیکستان، ماریشس، جاپان اور ترکی سے اردو شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔اس سہ روزہ کانفرنس کے چھ مختلف اجلاس ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس میں کلیدی خطبہ معروف اردو ادیب پروفیسر شمیم حنفی پیش کریں گے۔ استقبالیہ کلمات کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین پیش کریں گے جب کہ مہمان اعزازی ڈاکٹر سید تقی عابدی، پروفیسر عتیق اللہ اور عبد الستار دلوی ہوں گے۔اجلاس کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ اسمرتی ایرانی نے اس کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی منظوری دے دی ہے اور وہ اختتامی اجلاس کی مہمانِ خصوصی ہوں گی۔ اسی طرح وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے جوائنٹ سکریٹری جناب ایس ایس سندھو، پروفیسر اختر الواسع (کمشنر برائے لسانی اقلیات) اور جناب سید محمد اشرف (چیف کمشنر انکم ٹیکس) بطور مہمانانِ اعزازی شرکت کریں گے۔
قومی اردو کونسل کا تعارف کراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کونسل حکومت ہند کا سب سے بڑا اردو ادارہ ہے۔ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے تحت کام کرنے والے اس ادارے کا مقصد اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی اور اردو کو روزگار سے جوڑنا ہے۔ اس مقصد کی تکمیل کی غرض سے کونسل ملکی سطح پر کام کر رہی ہے اور اب کونسل اردو کے عالمی منظر نامے پر بھی دے رہی ہے۔انھون نے تمام محبان اردو سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس عالمی کانفرنس میں شرکت کریں اور فروغ اردو سے متعلق اپنی تجاویز کونسل کو پیش کریں تاکہ کونسل ان تجاویز کو حکومت کے سامنے پیش کر سکے۔اس موقع پر کونسل کے ریسرچ آفیسرڈاکٹر کلیم اللہ سمیت کونسل کے متعدد ذمے داران و عہدیداران نے شرکت کی۔

\"DSC_0015\"

قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس 30اکتوبر سے منعقد کیا جائے گا، جس کی معلومات دیتے ہوئے ڈائرکٹر NCPULجناب ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین۔ پیغام مادر وطن کے چیف ایڈیٹر گریش جویال اور گروپ ایڈیٹر مطیع الرحمن عزیزکی بھی شرکت عمل میں آئی

Leave a Comment