ماں

      \"\"            

٭ڈاكٹر بسنت محمد شكری
شعبہ اُردو،
فيكلٹى آف آرٹس طنطا يونيورسٹى،مصر۔

کس نے دیکھی ہے بےکلی میری
چڑیا جیسی ہے زندگی میری

روز اُٹھتی ہوں ساتھ سورج کے
مانگنے رزق اپنے مولیٰ سے

سارا دن کام میں گزرتا ہے
پاؤں گھر میں کہاں ٹھہرتا ہے

خود کو جب دھوپ میں جلاتی ہوں
گھر میں تب چار دانے لاتی ہوں

اپنے بچّوں کے سر چھپانے کو
بارش و دھوپ سے بچانے کو

تنکے چُن چُن کے روز لاتی ہوں
اور اک گھونسلا بناتی ہوں

میرے بچّے ہیں زندگی میری
ان سے قائم ہے ہر خوشی میری

دل کے آنگن کی چاندنی کے لئے
ان کی آنکھوں کی ہر خوشی کے لئے

غم میں بھی مسکرا رہی ہوں میں
فرض ماں کا نبھا رہی ہوں میں
٭٭٭

Leave a Comment