ملک کے مختلف مدرسہ بورڈ وں کے چیئرمین کی میٹنگ میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کا خطاب
نئی دہلی ،(اسٹاف رپورٹر) قومی اردو کونسل کے صدر دفتر ’فروغ اردو بھون‘ میں ملک کے مختلف مدرسہ بورڈ کے عہدیداروں کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے سبھی مہمانان کا استقبال کیا اور اس میٹنگ کی غرض و غایت بیان کی۔ انھوں نے مدرسوں میں دی جا رہی موجودہ تعلیم پر روشنی ڈالی اور مدرسہ ایجوکیشن میں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ تمام مدارس کی ایک ڈائرکٹری تیار ہونی چاہئے جس سے مدارس ، مدرسین اور طلبہ کی تعداد کا اندازہ ہو تاکہ حکومت کی اسکیموں کے نفاذ میں آسانی ہو۔ انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل ملک کے مختلف مدرسہ بورڈوں کے ساتھ مل کر فروغ اردو کی ایک حکمت عملی ترتیب دے گی۔
ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ ملک میں سرکاری اسکولوں کے مقابلے مدارس کی تعداد زیادہ ہے اگر مدرسوں میں کمپیوٹر اور جدید ٹکنالوجی کی تعلیم بھی دی جائے تو یہ ہمارے معاشرے کے حق میں نیک فال ثابت ہوگا۔ مدارس والے کہیں نہ کہیں اس وہم میں مبتلا ہیں کہ اگر مدارس میں عصری تعلیم دی جائے گی تو مدارس کو حکومت اپنے قبضے میں لے لے گی۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہونے والا۔حکومت مسلمانوں کی ترقی کی خواہاں ہے اور ملک کے اس بڑے طبقے میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ پورے ہندوستان کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب ملک کے ہر طبقے کی ترقی ہوگی۔ انھوں نے سرسید کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر سر سید نے مسلمانوں کو عصری تعلیم کی جانب راغب نہیں کیا ہوتا تو آج ملک کے مسلمانوں کی حالت اور خراب ہوتی۔
مدھیہ پردیش مدرسہ بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سید عمادالدین نے مدارس میں زیادہ سے زیادہ کمپیوٹر مراکز دینے کی تجویز پیش کی جس پر کونسل کے ڈائرکٹر نے کہا کہ قومی اردو کونسل مدارس میں زیادہ سے زیادہ کمپیوٹر مراکز کھولنے کی کوشش کرے گی تاکہ مدارس کے طلبا بھی عصری تعلیم اور ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھاسکیں۔ راجستھان مدرسہ بورڈ کی چیئرپرسن مہرالنسا ٹاک نے مدرسہ کے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے تجویز پیش کی کہ مدارس کے اساتذہ کی تربیت کا انتظام قومی اردو کونسل کی جانب سے کیا جائے۔ جس پر ڈائرکٹر نے کہا کہ کونسل اس سلسلے میں پیش رفت کرے گی۔حاجی اخلاق احمد ڈپٹی رجسٹرار(ایجوکیشن)، اتراکھنڈنے کہا کہ مدارس میں کئی برسوں سے SPQEM اسکیم کا فنڈ نہیں دیا گیا ہے اس بارے میں بھی حکومت کو غور کرنا چاہئے۔
اس میٹنگ میں مدارس میں ای لائبریری کے قیام،اردو اساتذہ اور اردو کتابوں کی فراہمی،ملک کے تمام مدارس کے نصاب میں یکسانیت، مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں کمپیوٹر سنٹر کا قیام جیسے موضوعات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
اس میٹنگ میں مدھیہ پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سید عمادالدین، راجستھان مدرسہ بورڈ کی چیئرپرسن مہرالنسا ٹاک،مغربی بنگال مدرسہ بورڈ کے صدر ایس کے ابو طاہر قمرالدین، اوڈیشہ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین لئیق الدین احمد،چھتیس گڑھ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین مرزا اعجاز بیگ موجود تھے۔