میرٹھ(اسٹاف رپورٹر)معروف افسانہ نگار، فکشن ناقد اور شعبۂ اردو،چو دھری چرن سنگھ یو نیورسٹی کے صدر ڈا کٹر اسلم جمشید پوری کو یونیور سٹی نے سی اے ایس کے تحت پروفیسر کے عہدے پرتقرر کیا ہے۔
پرو فیسر اسلم جمشید پوری کی اب تک29کتابیں منظر عام پر آ چکی ہیں۔ گذشتہ دنوں آپ کی کئی اہم کتب عید گاہ سے واپسی(افسانے) اردو فکشن کے پانچ رنگ(تحقیق وتنقید)،تجزیے( تنقید)، جدید اردو افسا نہ بدلتی قدریں(ترتیب و تزئین) عصمت شناسی( ترتیب) کی ادبی حلقوں میں کافی پذیرا ئی ہوئی۔ان کی دیگر اہم کتب میںلینڈرا(افسانے)،اردو فکشن: تنقید و تجزیہ ( تحقیق وتنقید) اردو افسا نہ: تعبیر و تنقید ( تحقیق وتنقید)، جدیدیت اور اردو افسانہ ( تحقیق وتنقید)، ترقی پسند اردو افسا نہ اور اہم افسا نہ نگار ( تحقیق وتنقید)، آدھا گائوں( ترجمہ) شا مل ہیں۔
پروفیسر اسلم جمشید پوری نے گذشتہ پندرہ بیس برسوں میں بطور فکشن ناقد اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔ انہیں اکیسویں صدی کے اہم فکشن ناقدین میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے اپنی تنقید کے ذریعہ نئی نسل کو متعارف کرانے کا اہم کام کیا ہے۔ان کی فکشن تنقید پر نسف درجن سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں۔
شعبۂ اردو کا قیام اور اسے استحکام بخشنے کا کار نامہ انہیں اپنے ہم عصروں میں ممیز و ممتاز کرتا ہے۔آج شعبہ اردو چودھری چرن سنگھ یونیور سٹی کی شناخت قومی ہی نہیں بین الاقوامی سطح پر ہے۔متعدد طالب علم درس و تدریس،میڈیا اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بر سرِروز گار ہیں۔
پروفیسر اسلم کا ایک اہم کارنامہ مغربی اتر پردیش کے ادبا و شعرا پر تحقیقی کام کرانا اور ان کی از سر نو دریافت کرنا ہے۔ پروفیسر اسلم جمشید پوری کے فکشن پر اسلم جمشید پوری بحیثیت افسا نہ نگار(ڈا کٹر تسنیم فا طمہ امروہوی)اسلم جمشید پوری کے دیہی افسا نے( ڈا کٹر فرقان سنبھلی) اسلم جمشید پوری کے دس نما ئندہ افسا نے( پریم گو پال متل) شا ئع ہوچکی ہیں۔ اسکندریہ یو نیورسٹی،مصر میں’’لینڈرا‘‘ پر عربی مقالے پر ڈگری ایوارڈ ہو چکی ہے، ہندوستان کی کئی جامعات میں ان کے فن اور شخصیت پر مقا لے تحریر کیے جا رہے ہیں۔ انہیں فکشن اور اردو ادب کی خدمت کے لئے متعدد انعامات مل چکے ہیں۔ ان کی متعدد کتب پر اتر پردیش اردو اکادمی،بہار اردو اکادمی،مغربی بنگال اردو اکادمی سے بی ایوارڈ مل چکے ہیں۔ ان کی نگرانی میں اب تک ۱۸ طالب علموں کو پی ایچ ۔ڈی اور ۸۰ طالب علموں کو ایم فل کی ڈگری تفویض ہو چکی
ہے۔
اس مو قع پر شعبۂ اردو کے دیگر اساتذہ ڈا کٹر آصف علی، ڈا کٹر شاداب علیم، ڈا کٹر الکا وششٹھ، سعید سہارنپوری اور احباب ڈا کٹر جمال احمد صدیقی، محترم قاری شفیق الر حمان قاسمی، حاجی عمران صدیقی،،مولانا شاہ عالم گورکھ پوری،محترم سرفرازعلی( ممبر اتر پردیش اردو اکادمی)،محترم ندیم اختر ( ممبر اتر پردیش اردو اکادمی)محترم آصف سیفی،رفعت جمالی، تابش فرید،بھارت بھوشن شرما، انل شرما سریندر شرما ،مولانا جبرئیل ،مفتی راحت ، ڈاکٹر شاہد صدیقی ،ڈاکٹر نعیم صدیقی ، وغیرہ نے مبارکباد پیش کی۔