ناگپورمہاراشٹر میں یک روزہ قومی سیمینار بعنوان ’’ غیر مسلم اردو شعرا کی شعری خدمات‘‘کا میابی سے اختتام پذیر

یشودا گرلز کالج ناگپوراور یوجی سی دہلی کے اشتراک سے یک روز سیمینار کا انعقاد
سیمینار میں ہندوستان کے مختلف جامعات سے پروفیسر، نقاد، اسکالرس اور شاعروں کی شرکت

*ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی ناگپور سے خصوصی رپورٹ

\"Dr

انڈیا۔ناگپور(مہاراشٹر) :۔یشودا گرلز آرٹس اینڈ کامرس کالج ناگپور کے زیر اہتمام اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن دہلی کے مالی اشتراک سے ونامتی ہال ناگپور میں یک روزہ قومی سیمینار بعنوان ’’غیر مسلم اردو شعرا کی شعری خدمات ‘‘کا انعقاد ہوا۔ معروف اردو شاعر جناب ساگر ترپاٹھی (ممبئی) نے سیمینار کا افتتاح فرمایا۔موصو ف نے غیر مسلم اردو شعرا کی بے مثال خدمات پر فخر کا اظہار کیا۔پروفیسر ڈاکٹر مجید بیدار نے پر مغز کلیدی خطبے میں ابتدا تا حال غیر مسلم شعراکی شعری خدمات کا تاریخی جائز ہ پیش کیا اپنے عالمانہ خطبے میں موصوف نے اردو کے حال و مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا ۔
افتتاحی تقریب کی صدارت کالج انتظامیہ کے رکن شر ی کانت گھوگرے نے کی ۔ابتدا میں کالج کی پرنسپل ڈاکٹر رما لامبٹ نے تمام مہمانان کا گلدستہ پیش کر استقبال کیا اور سیمینا ر کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی ۔ نظامت کے فرائض سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد اظہر حیات نے انجام دیے ۔ اس موقع پر مہمانا ن کے دست مبارک سے ’غیر مسلم شعرا کی شعری خدمات‘ کے عنوان سے ایک مجلے کا اجرا بھی ہوا ۔ جس میں ملک کے مختلف کالجوں کے اسکالرز کے ضمنی عنوانات پر (۴۰ ) مقالے شامل ہیں۔ تمام مقررین نے اس مجلے کو ایک اہم دستاویز قرار دیا ۔ واضح ہو کہ اس مجلے کو ڈاکٹر محمد اظہر حیات نے ترتیب دیا ہے۔ آخر میں ڈاکٹر گووند راؤڑیکر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔
افتتاح کے بعد سیمینا ر کے پہلے ٹیکنیکل سیشن کا آغاز ڈاکٹر کرن دھوڑ ایم اے ،پی ایچ ڈی (اردو) کی صدارت میں ہوا ۔ڈاکٹر افسر فاروقی (ممبئی ) اور ڈاکٹر غلام ربانی بطور مہمان اعزازی اسٹیج پر جلوہ افروز تھے ۔ اس سیشن میں ڈاکٹر افسر فاروقی (ممبئی )، ڈاکٹر مسرت فرد وس ( اورنگ آباد )، ڈاکٹر شجاعت علی (ناندیڑ) ،ڈاکٹر انجم ضیا الدین تاجی( کھام گاؤں ) ،ڈاکٹر ریشما تزئین (ناگپور )، اور ڈاکٹر عبدالوحید نظامی ( مرتضیٰ پور )نے مختلف ضمنی عنوانا ت پر اپنے مقالات پیش کیے ۔ مقالات پر اپنے تاثرات کا اظہار ڈاکٹر محبوب راہی نے انتہائی عرق ریزی سے کیا ۔ نظامت کے فرائض پروفیسر محمد اسرا ر نے بحسن خوبی انجام دیے ۔
دوسرے سیشن کی صدارت ناگپور یونیورسٹی میں شعبہء اردو کی انچارج ڈاکٹر وینا دھاڑے نے کی۔ اس سیشن میں ڈاکٹر سلطانہ شیخ (ممبئی )،ڈاکٹر یحییٰ جمیل( امراؤتی )، ڈاکٹر ساجد قادری( دھولیہ ) ، ڈاکٹر انجم آرا ، ڈاکٹر ناہید سوری (ناگپور) اور ڈاکٹر شارق علی (آکولہ ) نے مختلف ضمنی موضوعات پر دقیق اور جامع مقالے پیش کیے ۔ مقالات پرڈاکٹر شرف الدین ساحل نے کلیدی تاثرات کا اظہار کیا ۔
موصو ف نے بھی مجموعی طور پر غیر مسلم شعرا کی شعری خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر منیرہ رشیدی (ناگپور ) ڈاکٹر شجاعت علی (ناندیڑ ) نے بھی بحیثیت مہمانا ن اعزازی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر اظہر ابرار نے سنجیدگی اور متانت سے انجام دیے ۔
سیمینار کا اختتام صدر جلسہ پرنسپل ڈاکٹر غلام دستگیرشیخ (شولاپور) کی اختتامی تقریر پر ہوا ۔ اس کے فوراً بعد اردو کے معروف شاعر جناب راجیش ریڈی کی صدارت میں کل ہند مشاعرے کا ا نعقاد ہوا ۔ جس میں ڈاکٹر محبوب راہی ، جناب ظفر کلیم ،جناب ساگر ترپاٹھی ،جناب ظہیر عالم، ڈاکٹر خواجہ ربانی ، جناب سرجیت کمار دانش ،جناب آغاز بلڈ انوی ، شریمتی سروج ویاس ،جنا ب عبدالوحید شیخ ، اور شر ی انگلے کمل نے اپنے کلام بلا غت سے مشاعرے کو یادگار بنا دیا ۔ صدر مشاعرہ راجیش ریڈی اور ساگر ترپاٹھی مشاعر ے پر چھائے رہے ۔ جس سے غیر مسلم شعرا کی شعری خدمات کا اندازہ ہوتا ہے ۔نظامت کے فرائض اشتیاق کامل نے بحسن خوبی اور پروقار انداز میں انجا م دیے ۔
سیمینار و مشاعرے میں دور دراز سے کالج کے اساتذہ اکرام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ شہر کے معزز ین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ ناگپور کامٹی کے کالجزز میں اردو پڑھنے والے طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس کی وجہ سے ونامتی ہال تنگ دامنی محسوس کررہا تھا۔ طلبا و طالبات میں جشن کاماحول تھا، جس سنجیدگی اور شائستگی کا مظاہرہ طلبا ء نے کیا اس سے غیر مسلم حضرات بھی رطب ا للسان نظرآ ئے ۔ سیمینار اور مشاعرے کو شرکا ء برسوں یاد رکھیں گے۔ آخر میں سیمینا ر کے کنوینر ڈاکٹر محمد اظہر حیات نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پرواگرام کو کامیاب بنا نے میں یشودا گرلز کالج کے اسٹاف ممبرز نے انتھک محنت اور کوشش کی۔

\"1\"

Leave a Comment