جموں//(اسٹاف رپورٹر) ڈین فیکلٹی آف آرٹس اورصدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک کوکشمیریونیورسٹی کے چانسلراورریاستی گورنرستیہ پال ملک نے آئندہ تین برسوں کےلئے کشمیریونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا رکن منتخب کردیاہے۔پروفیسرشہاب ملک انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مختلف قومی اوربین الاقوامی سطح کے سیمیناروں کے انعقادکاوسیع تجربہ رکھتے ہیں۔پروفیسرموصوف دودرجن سے زائدکتابوں کے مصنف ہیں اوراُردوزبان وادب کے فروغ کے سلسلے میں مختلف ممالک مثلاً انگلینڈ،ماریشس ،پاکستان اورمصرکادورہ بھی کرچکے ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک ملک کی مختلف یونیورسٹیوں اوردیگرسرکاری تنظیموں مثلاً جنرل کونسل جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈلنگویجز، بورڈ آف اسٹڈیزاِن اُردوکشمیریونیورسٹی،پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ یونیورسٹی وغیرہ کے بھی رکن ہیں۔اس سے پہلے مختلف ادبی وثقافتی تنظیموں کی طرف سے پروفیسرشہاب عنایت ملک کواُردوزبان کی ترقی کےلئے انجام دی گئی خدمات کےلئے مختلف اعزازات سے بھی نوازاجاچکاہے۔پروفیسرموصوف رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی کے صدر،آل انڈیایونیورسٹیز اُردوٹیچرایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اور انڈوایفروایشین رائٹرس ایسوسی ایشن کے ریاستی سیکریٹری کے طورپرخدمات انجام دے رہے ہیں۔