پروفیسرصغیرافراہیم کے دوافسانوی مجموعوں اور ڈاکٹرمظفراقبال کی تنقیدی کتابوں کا رسم اجراء

\"Book

جموں(اسٹاف رپورٹر)شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسرگیان چندجین سیمینارہال میں منعقدہ کتب اجرائی تقریب کے دوران وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرآرڈی شرمانے تین کتابوں کااجراء کیا۔ اس موقعہ پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر افراہیم کے تحریرکردہ دوافسانوی مجموعے اور ڈاکٹر مظفراقبال کی پروفیسرصغیرافراہیم کی حیات وخدمات سے متعلق ایک تنقیدی کتاب ریلیزکی گئی۔اس دوران تقریب کی صدارت ناموراُردواورکشمیری ادیب بشیربھدرواہی نے کی جبکہ نامورتاریخ دان اسیرکشتواڑی مہمان ذی وقارتھے ۔ایوان صدارت میں صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک اور ڈاکٹرریاض احمد بھی موجودتھے۔ اس موقعہ پربولتے ہوئے پروفیسرآرڈی شرمانے شعبہ اُردوکی ترویج کیلئے کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے شعبہ اُردوکے 50 اسکالروں کی بطوراسسٹنٹ پروفیسرتعیناتی کیلئے شعبہ اُردوکومبارکبادپیش کی۔ انہوں نے شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی کومتحرک ترین شعبہ قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ شعبہ ہندوستان میں طلباء واسکالروںکومعیاری تعلیم فراہم کرنے والے شعبہ جات میں سے ایک ہے ۔انہوں نے مزیدبتایاکہ جموں یونیورسٹی A+ جامعہ ہے اوراس کوملکی سطح پر 63 واں مقام حاصل ہے جس سے اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ جموں یونیورسٹی نے کس قدرباصلاحیت اسکالرزپیداکے ہیں ۔پروفیسرآرڈی شرمانے پروفیسر صغیرافراہیم کوافسانوی مجموعوں کی اجرائی اوران کی رسم رونمائی کیلئے جموں یونیورسٹی کوچننے کیلئے مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ سرسیداحمدخان کے ہاتھوں قائم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ملک کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے جس نے پروفیسرصغیرافراہیم جیسے بے شمار اسکالرزپیداکئے ہیں۔انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام کیلئے سرسیداحمدخان کی خدمات کوبھی سراہا۔بشیربھدرواہی نے خطاب کرتے ہوئے شعبہ اُردو کی پے درپے ادبی تقریبات کے انعقادکیلئے کاوشوں کوسراہا ۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسرصغیرافراہیم ملک کے بلندپایہ ادیبوں میں سے ایک ہیں جواب تک دودرجن سے زائدکتابیں تصنیف کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر صغیرافراہیم نے ریڈیوکیلئے جوافسانے لکھے ہیں وہ زندگی کے حقائق کوبیان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صغیرافراہیم کو منشی پریم چندپر عبورحاصل ہے۔ اسیرکشتواڑی نے اپنے خطاب میں پروفیسرصغیرافراہیم کے افسانوی مجموعوں کواُردوزبان وادب کے سرمایے کو مزیدامیربنانے کیلئے اہم قراردیا۔انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اُردوکی ترقی کیلئے خدمات پربھی روشنی ڈالی ۔ اسیرکشتواڑی نے پروفیسرشہاب عنایت ملک کو شعبہ اُردوکوجموں یونیورسٹی کیمپس کامتحرک ترین شعبہ بنانے کیلئے مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے ڈاکٹرمظفراقبال کی پروفیسرصغیرافراہیم کے حیات اورادبی خدمات کااحاطہ کرنے والی تنقیدی کتاب کواُردوادب کیلئے اہم قراردیا۔ قبل ازیں پروفیسرشہاب عنایت ملک نے پروفیسرصغیرافراہیم کو شرکاء سے متعارف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر صغیرافراہیم دودرجن سے زائدکتابوں کے مصنف ہیں اوروہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مختلف کمیٹیوں سے منسلک ہوکراُردوادب کی ترقی کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسرصغیرافراہیم ایک قابل منتظم ہیں اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پے درپے ادبی تقریبات کااہتما م کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صغیرافراہیم کو منشی پریم چندپر مہارت حاصل ہے ۔پروفیسرشہاب عنایت ملک نے کہاکہ پی ایچ ڈی کے دوران انہوں نے مقالے کی تیاری کیلئے پروفیسرصغیرافراہیم کی متعدد کتابیں کھنگالی تھیں اوران کی کتابیں عصرِحاضرمیں حوالے کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس موقعہ پر وائس چانسلر جموں یونیورسٹی نے شال اورمومنٹوسے نواز کر پروفیسرصغیرافراہیم کی عزت افزائی بھی کی گئی۔ اس دوران تقریب کی نظامت ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد نے انجام دی جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے پیش کی ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر چمن لعل، پروفیسرضیاء الدین، ڈاکٹرفرحت شمیم ، ڈاکٹراعجاز حسین شاہ اورڈاکٹرشاہباز کے علاوہ طلباء ،اسکالرزاورسول سوسائٹی ممبران کی کثیرتعدادبھی موجودتھی۔

Leave a Comment