پروفیسرطارق چھتاری چیرمین شعبہ اردو،علی گڑھ منتخب

\"\"

علی گڑھ(اسٹاف رپورٹر)اردو کے معروف فکشن نگار اور شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر پروفیسرمحمد طارق ( طارق چھتاری) نے آج سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کے صدر شعبہ کا چارج سنبھال لیا۔انھوں نے اپنے پیشرو پروفیسرمحمد صغیر بیگ افراہیم سے چارج لیا۔وہ ۳۰ ستمبر۲۰۱۹ تک اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہیں گے ۔پروفیسرطارق چھتاری تقریبا ۲۱ برسوں سے اے ایم یو میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل وہ آل انڈیا ریڈیو کے آکاشوانی گورکھپور اور اردو سروس دہلی میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ۔ان کا شمار ملک کے معروف فکشن نگاروں اور نقادوں میں کیا جاتا ہے۔پریم چندکے ادبی کارناموں پر ان کی گہری نگاہ ہے ۔ پروفیسر طارق چھتاری کو افسانہ نگاری کے لئے ـــ ’’لمہی سمان(۲۰۱۴ ) ، اردو ملینیم ایوارڈ، آفتاب اردو ایوارڈ،اور یو پی اردو اکادمی کے مجموعی خدمات (فکشن) کے ایک لاکھ روپیے کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔عالمی سطح کے معیاری رسالوں میں ان کی ۵۰ سے زائد کہانیاں اور اتنے ہی مقالات کی اشاعت ہو چکی ہے۔۱۹۹۳ میں کتاب ’’جدید افسانہ( اردو ہندی) کے علاوہ ’’باغ کا دروازہ‘‘ کے عنوان سے افسانوں کا مجموعہ سال ۲۰۰۱ میں شائع ہو کر انتہائی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔اس کا ہندی میں ترجمہ ۲۰۱۱ میں شائع ہوا تھا جبکہ ناول ’’آسمان منزل‘‘ کے ابواب نیا دور لکھنو اور ذہن جدید دہلی جیسے رسالوں میں شائع ہو چکے ہیں۔ان کی کہانیوںبندوق،آن بان،نیم پلیٹ،لکیر،باغ کا دروازہ،آدھی سیڑھیاں وغیرہ کے انگریزی، اریا، پنجابی، ہندی، تیلگو، مراٹھی وغیرہ زبانوں میں ترجمے کیے جا چکے ہیں۔ پروفیسر طارق چھتاری کے فکشن پر پٹنہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مقالہ تحریر کیا جا رہا ہے تو تین یونیورسٹیوں سے ان پر ایم فل کی ڈگریاں تفویض کی جا چکی ہیں نیز کئی جریدوں ،’’استعارہ دہلی ‘‘ اور ’’شعر و حکمت، حیدرآباد‘‘ وغیرہ نے ان پر خصو صی گوشے بھی شائع کیے ہیں۔ان کی ادبی خدمات پر ڈاکٹر راشد انور راشدکی کتاب’’ طارق چھتاری:کردار و افکار‘‘،ڈاکٹرحامد رضا صدیقی کی کتاب ــ۔’’طارق چھتاری:گنجینہء معنی کا طلسم ‘‘ اورڈاکٹر احمد علی جوہر کی کتاب ’’ طارق چھتاری:فکر و فن ‘‘ بھی شائع ہو چکی ہیں۔ پروفیسر طارق چھتاری کی شخصیت اور ادبی خدمات پر متعدد ٹی وی چینلوں نے ڈاکومنٹریا ں نشر کی ہیں۔ وہ آل انڈیا ریڈیو ،دوردرشن،ای ٹی وی وغیرہ پر بھی متعدد پروگراموں میں شرکت کر کے ادبی بحثوں میں حصہ لے چکے ہیں۔چارج لینے کے موقع پر شعبہ اردو اور دیگر اساتذہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔ا س موقع پر پروفیسر محمد طارق چھتاری نے عزم ظاہر کیا کہ وہ شعبہ کی ترقی کے لئے مزید کوششیں کریں گے۔

\"\" \"\"

Leave a Comment