پروفیسرظفراحمد صدیقی نے بطور صدر شعبہ اردو چارج سنبھال لیا

\"\"
علی گڑھ،(اسٹاف رپورٹر)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبہ اردو کے مشفق و معتبر استاد اور معروف محقق پروفیسر ظفر احمد صدیقی نے پروفیسر محمد طارق چھتاری کی جگہ صدرشعبہ کے عہدہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ اپنی سبکدوشی کی تاریخ 9اگست 2020 تک بطور صدر شعبہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔پروفیسر ظفراحمد صدیقی کا شمار اعلی پائے کے محققین میں ہوتا ہے ۔ وہ تقریبا 40 سال سے درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہیں اوربطور استاد ان کی اعلی خدمات کا ہر سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے۔تحقیق سے خاص دلچسپی کے تحت وہ طویل عرصہ سے اردو اور فارسی کے شعراءو ادباءپر تحقیقی کام انجام دے رہے ہیںاور انھوں نے اس درمیان اردو کی ادبی تاریخ میں اہمیت کے حامل متون کی کھو ج کرکے انھیں شائع بھی کرایا ہے۔ان کا امتیاز یہ بھی ہے کہ وہ تقریبا 40 سال سے کلاسیکی متن(نثر اور شاعری) کی تعلیم دے رہے ہیں۔انھوں نے اردو کے کلاسیکی شاعروں کے ان پہلووں پر تحقیقی روشنی ڈالی ہے جن کو اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا تھا۔ساتھ ہی اردو کی اہم صنف قصیدہ کی ہئت اور حدود سے بھی بحث کی ہے۔ پروفیسر ظفر احمد صدیقی کی ۷۱ کتابیں،جن میں ” شبلی شناسی کے اولین نقوش، تحقیقی مقالات ،دیوان ناظم،افکار و شخصیات،شبلی کی علمی و ادبی خدمات،شرح دیوان اردو غالب،شبلی معاصرین کی نظر میں،انتخاب مومن،نقش معنی وغیر ہ شامل ہیں۔ ان کے 135 سے زائد مقالات ملک اور بیرون ملک خصوصاپاکستان(نقوش،لاہور۔اقبالیات،لاہور۔صحیفہ، لاہور۔قومی زبان ،کراچی،تحصیل،کراچی وغیرہ) کے معیاری جرنل میں شائع ہو چکے ہیں یہ سلسلہ اب بھی جاری و ساری ہے۔پروفیسر ظفر احمد صدیقی کو ”نقوش ایوارڈ ،لاہور(پاکستان)کے علاوہ ہندوستان کی مختلف اردو اکیڈمیوں نے انعامات و اعزازات سے نوازا ہے نیز متعدد اسکالرشپ اور فیلوشپ بھی تفویض ہوئی ہیں۔وہ مختلف سیمیناروں میں 133 مقالات متعدد کلیدی اور صدارتی خطبے پیش کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ بطور ریسورس پرسن ۵۵ کانفرنسوں ا ور ورکشاپ میں شرکت کر چکے ہیں۔ان کے زیر نگرانی 17 پی ایچ ڈی اور ایم فل مقالات پر ڈگریاں تفویض ہو چکی ہیں۔صدر عہدے کو سنبھالنے کے موقع پر شعبہ کے اساتذہ،ریسرچ اسکالروں اور طلبا طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پروفیسر ظفر احمد صدیقی کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے مبارکباد پیش کی۔

Leave a Comment