ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ
پٹنہ :۔اردو ادب کے ممتاز دانشوراورنہایت متحرک وفعال شخصیت پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، استادہندوستانی زبانوں کامرکز، جواہر لعل نہرویونیورسٹی کو بہار اردو اکادمی پٹنہ کی جانب سے ’’قاضی عبدالودود ایوارڈ،برائے اردو ادب کی مجموعی خدمات۲۰۱۵‘‘کے لیے سند،مومنٹو اور اعزازکے طور پر ایک لاکھ رو پے سے نوازا گیا۔قاضی عبدالودودایوارڈ ،بہار اردو اکادمی کا سب سے بڑا ادبی ایوارڈ ہے۔ اس ایورڈ کے لیے پروفیسر خواجہ محمد اکرام کا انتخاب خوش آئند اور مستحسن قدم ہے۔بہار اردو اکادمی نے پٹنہ میں سہ روزہ انٹرنیشنل سمینار کا انعقاد کیا ۔جس کا عنوان اردوزبان وادب :موجودہ عالمی تناظرمیں تھااس سمینار کا افتتاح اے،این،سنہا انسٹی ٹیوٹ میں کیاگیا۔افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر عبدالغفور،وزیر محکمہ اقلیتی امور وفلاح حکومت بہار،پروفیسر اعجاز علی ارشد،وائس چانسلر مولانا مظہرالحق عربی وفارسی یونیورسٹی،مشاق احمد نوری،سکریٹری بہار اردو اکادمی،پروفیسر ارتضی کریم ،پروفیسر خلیل طوق آر(ترکی)ڈاکٹر وفا یزداں منش(ایران)نے شرکت کی ان کے علاوہ بڑی تعداد میں اساتذہ واردو اسکالر شریک تھے۔اس پروقار تقریب میں پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کو وزیر موصوف کے ہاتھوں سے مومنٹو،سند اور اعزازی رقم پیش کیے گیے۔واضح ہو کہ اس ایوارڈ کی خبر ملتے ہی اردو اسکالروریسرچ اسکالرکے ساتھ ساتھ اردو داں طبقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،کیوں کہ خواجہ اکرام موجودہ ادبی منظرناموں پر گہری نظر رکھتے ہیں خواہ وہ کلاسیکل اصناف ہوں یا جدید اصناف ہوں۔خواجہ اکرام نے موجودہ دور میں اردووزبان وادب کو سائبر دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل کی نمائندگی میں پروفیسر خواجہ اکرام کا نام سب سے نمایاں ہے۔اس ایوارڈ کے ملتے ہی ہر طرف سے مبارک بادی کا سلسلہ جاری ہے۔اس اہم ایوارڈ سے نوازے جانے پر پروفیسر خواجہ اکرام نے بہار اردو اکادمی اور حکومت بہار کا شکریہ ادا کیا ۔