پروفیسر اختر الواسع مولانا آزادیونیورسٹی جودھ پور کے وائس چانسلر نامزد

\"maxresdefault\"

نئی دہلی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ سےسبکدوش پروفیسر اخترالواسع کو مولانا آزاد یونیورسٹی ، جودھ پور کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ یونیورسیٹی مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیر سوسائٹی، جودھ پور، راجستھان کے زیر انتظام ہے۔ یونیورسٹی کے بورڈ آف مینجمینٹ نے متفقہ طور پر ان سے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنی علمی اور انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بطور وائس چانسلر اس یونیورسٹی کو آگے بڑھائیں۔ پروفیسر اختر ا لواسع نے \"download\"یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے وائس چانسلر شپ کی پیش کش پر شکریہ ادا کیا ہے ۔امید ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری پر عید الاضحی کے بعد کام شروع کردیں گے۔
پروفیسر اخترالواسع ، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اسلامیات کے پروفیسر کے علاوہ صدر شعبہ، ڈین فیکلٹی آف ہومینٹیز اینڈ لینگویجیز اور یونیورسٹی اور حکومت کی مختلف کمیٹیوں کے رکن و سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ اسلامک اسٹڈیز کے میدان کی ایسی پہلی شخصیت ہیں جنہیں امریکہ کی فل برائٹ فیلو شپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ مولانا آزاد یونیورسٹی ، راجستھان اسمبلی سے منظور شدہ قانو ن کے تحت ایک اقلیتی تعلیمی ادارہ ہے۔ سوسائٹی کے تحت پندرہ ہزار بچے مختلف اسکولوں ا ور کالجوں میں پڑھ رہے ہیں اوربہت سارے پیشہ ورانہ کورسز بھی ان میں چلائے جا رہے ہیں۔
اسی کامیاب تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ منصوبہ بنایا گیا کہ جودھ پور میں ایک یونیورسٹی مولانا ابوالکلام آزاد کے نام سے قائم کی جائے جو خاص طور پر مسلمانوں کے اندر اعلی معیار تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکے۔حکومت ہند کی طرف سے’ مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی‘ کو تعلیم کے میدا ن میں اہم خدمات کے اعتراف کے طور پر 2005 میں’ مولانا ابوالکلام آزاد لٹریسی ایوارڈ‘ سے نوازا جا چکا ہے۔

Leave a Comment