پروفیسر ارتضیٰ کریم قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر منتخب

میں اردو کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کروں گا: پروفیسر ارتضیٰ کریم
قومی اردو کونسل میں نئے ڈائریکٹر کو استقبالیہ
\"DSC_0614\"
نئی دہلی۔ (اسٹاف رپورٹر) قومی اردو کونسل میں آج ایک استقبالیہ اور الودائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون میں منعقدہ اس تقریب کی صدارت کونسل کے وائس چیئرمین پدم شری مظفر حسین نے کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انتظامیہ کمل سنگھ نے سبھی حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے اپنے تجربات بتائے اور کہا کہ پرانے ڈائرکٹر کے ساتھ ہمارا بہت اچھا وقت گذرا ہے اور آج پروفیسر ارتضیٰ کریم صاحب نے نئے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا ہے۔ ہمارے لیے یہ خوشی کا موقع ہے۔ ان کے آنے سے کونسل کا کام بہتر ڈھنگ سے انجام پائے گا۔ میں کونسل کی جانب سے ان کا استقبال کرتا ہوں۔ کونسل کے وائس چیئرمین پدم شری مظفر حسین نے پھولوں کا گلدستہ دے کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نے کونسل کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر خوا جہ محمد اکرام الدین کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے نئے ڈائرکٹر سے ان کے کاموں کو مزید آگے بڑھانے کی درخواست کی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ نئے ڈائریکٹر کونسل کو مزید اونچائیوں سے ہمکنار کرائیں گے۔ انھوں نے سابق ڈائرکٹر کی عالمی اردو کانفرنس منعقد کرانے کے لیے تعریف کی ساتھ ہی ٹکنالوجی سے اردو زبان کو ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی ان کی ستائش کی۔ انھوں نے کونسل کے نئے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر کونسل کو آگے لے جائیں گے اور اردو زبان و ادب کے فروغ کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ اردو صرف اور صرف ہندوستان کی زبان ہے اور ہمیں اسے زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کونسل کے وائس چیئرمین نے کونسل کے سابق ڈائریکٹر کو شال پیش کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کو جب بھی ضرورت ہوگی ہم آپ کے تجربات سے مستفید ہونے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پرکونسل کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے وائس چیئرمین کی باتوں کو سند کا درجہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کاموں کی جس طرح سے وائس چیئرمین نے پذیرائی کی ہے وہ ہی میرا صلہ ہے ، کونسل نے جو بھی مقام حاصل کیا ہے اس میں کونسل کے تمام ملازمین اور اسٹاف شامل رہے ہیں اور کونسل کی کامیابی کا سہرا یہاں کے اسٹاف کے سر جاتا ہے۔ کونسل کے تمام اسٹاف نے نوکری یا ملازمت سے اوپر اٹھ کر جذباتی انداز میں کام کیا ہے اور رات دن محنت کی ہے۔ انھوں نے نئے ڈائریکٹر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان کے آنے سے کونسل کو نیا عروج عطا ہوگا۔
اس موقع پر کونسل کے نئے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے وائس چیئرمین پدم شری مظفر حسین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ مہینوں سے انھوں نے کونسل کی بہتری کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ میں اردو کا خادم ہوں اور اردو کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کونسل کے چار ریجنل مراکز کی تجویز وزارت کو سونپی جائے گی تاکہ کونسل کے دائرہ کار کو پورے ملک میں وسعت اور رفتار دی جائے۔ پی ایچ ڈی اورایم فل کے 50ریسرچ اسکالرز کو وظائف دینے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ اردو میں تحقیق کو بڑھاوا دیا جائے۔ انھوں نے کونسل کے سابق ڈائرکٹرڈاکٹر محمد حمید اللہ بھٹ کی بھی کونسل کی کامیابی کے لیے ستائش کی اور کہا کہ آج کونسل جس مقام پر ہے اس کے لیے ڈاکٹر محمد حمید اللہ بھٹ کی کوششوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔
اس تقریب میں کونسل کے تمام ملازمین کے ساتھ ساتھ میڈیا اور اخبارات کے نمائندے بھی موجود تھے۔تقریب کا اختتام راشٹرگان پر ہوا۔

Leave a Comment