ڈاکٹر آفتاب احمد صدر شعبہ اُردو بنارس ہندو یونیورسٹی منتخب

شعبے کو علمی ،ادبی اور تحقیقی لحاظ سے فعال کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی:ڈاکٹرآفتاب احمد آفاقی

\"\"

بنارس(اسٹاف رپورٹر)اردو کے معروف ادیب،نقاد ، محقق اور شعبۂ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی کے استاد ، ڈاکٹر آفتاب احمد آفاقی کو ملک کی ممتاز یونیورسٹی بنارس ہندو یونیورسٹی ،کے شعبۂ اردو کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ کی جانب سے ایک استقبالیہ دیا گیا جس میں اردو، فارسی اور عربی کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ کے علاوہ شہر کے معززین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر آفاقی کا شمار اردو زبان و ادب کے سنجیدہ قلم کاروں میں ہوتا ہے۔ ان کے مطالعے کا اختصاصی میدان تنقیدو تحقیق رہا ہے۔ان کی تعلیم رانچی یونیورسٹی سے ہوئی جہاں پروفیسر وہاب اشرفی ، پروفیسرشین اختر، پروفیسر ابوذر عثمانی اور پروفیسر احمد سجاد، صدیق مجیبی جیسے اساتذہ سے کسب فیض کیا اور ’’اردو نثر میں حالیؔ کے کارنامے ‘‘ کے موضوع پر پی ۔ایچ ۔ڈی۔ کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں بحیثیت ریسرچ ایسوسی ایٹ کئی برسوں تک درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ سنہ ۲۰۰۳ میں شعبۂ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں بحیثیت لکچرر تقرر عمل میں آیا۔ڈاکٹر آفاقی نے اردو کے پہلے نقاد الطاف حسین حالی کی اولین نثری کتاب’ مولود شریف‘ کی ترتیب و تدوین کر کے اردو دنیا میں متعارف کرایا۔ اس کے علاوہ ’کلاسیکی نثر کے اسالیب، مولونا محمدعلی جوہر :شخص اور شاعر، معنی شناسی، شکست کی آواز: نئے اطراف کی طرف، مضامین چکبست، قاضی عبدالودود(مونو گراف)‘ جیسی اہم کتابیں منظرعا م پر آچکی ہیں۔ انھوں نے اب تک تقریبا ۸۰ قومی و بین الاقوامی سمیناروں میں شرکت کی ہے جبکہ شائع شدہ تحقیقی مضامین کی تعداد پچاس سے زائد ہے۔ دیگر علمی،ادبی اور شخصی مضامین کی تعداد بھی ان سے کچھ کم نہیں۔ انھوں نے مختلف یونیورسٹیوں اور اکیڈمک اسٹاف کالجوں میں درجنوں لکچرز دیے ہیں۔فی الوقت وہ چار مختلف یونیورسٹیوں میں بورڈ آف اسٹڈیز جیسی اہم کمیٹی کے رکن ہیں۔ انھیں ملک کی متعدد اکادمیوں نے اعزاز و انعام سے نوازا ہے۔ جن میں دہلی، اتر پردیش اور بہار اردو اکادمی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔
نمائندے سے خصوصی ملاقات کے دوران ڈاکٹرآفاقی نے کہا کہ شعبۂ اردو کے طلبہ و طالبات میں شعری وادبی ذوق کے پہلو بہ پہلو تحقیق و تنقید کا شعور پیدا کرنا ہماری اولین ترجیحات ہوگی۔ اس ضمن میں شعبہ کے اساتذہ کی مدد سے قومی اور بین الاقوامی سمینار ، ورک شاپ، تحریری و تقریری مقابلے نیز ادبے مجلہ کی اشاعت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر شعبۂ اردو کے اساتذہ ڈاکٹرمشرف علی، ڈاکٹرمحمدقاسم انصاری، ڈاکٹراحسان حسن، جناب رشی کمار شرما، محترمہ رقیہ بانو اور جناب عبدالسمیع کے علاوہ شعبۂ فارسی کے صدر ڈاکٹر محمد عقیل اور شعبۂ عربی کے اساتذہ پروفیسر وزیرحسن، پروفیسراشفاق احمداور ڈاکٹرقمرشعبان کے علاوہ پروفیسر کرشن مورتی، ڈاکٹر تعبیرکلام ،جناب وسیم حیدرہاشمی، جناب جے داس اور ڈاکٹرمحبوب حسن نے شعبہ ٔ اردو کے نئے صدر ڈاکٹر آفتاب احمد آفاقی کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a Comment