نئی دہلی(اسٹاف رپورٹر)وزارت برائے فروغ انسانی وسائل حکومت ہند نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے نئے ڈائریکٹر کی حیثیت سے اردو کے معروف ادیب و نقاد ستیہ وتی کالج دہلی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شیخ عقیل احمدکا تقرر کیا ہے۔ اعلانیہ کے مطابق ان کی مدت کار تین سال پر محیط ہوگی۔آج انھوں نے قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں بحیثیت ڈائریکٹر چارج سنبھال بھی لیا۔اِس موقعہ پر سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم اور کونسل کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔قومی اردو کونسل کے نئےڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد اردوکی معروف اور فعال شخصیت ہیں اورموجودہ ادبی منظرنامے میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتے ہیں۔ درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں جن میں غزل کا عبوری دور، ادب اسطور اور آفاق، فن تضمین نگاری، مغیث الدین فریدی کا تخلیقی کینوس، ادب اور جمالیات، پریم چند فکشن کے فنکار اور شکیل الرحمن قابل ذکر ہیں۔ ان کے تحقیقی مقالات ہند اور بیرونِ ہند کے مؤقر مجلات میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ انھوں نے ہندی اردو اور انگریزی تینوں زبانوں میں مضامین لکھے ہیں۔ مختلف قومی سیمیناروں میں وہ اپنے مقالات پیش کرچکے ہیں اور کئی جگہ انھوں نے صدارتی خطبات بھی دیے ہیں۔ ان کی نگرانی میں کئی اسکالرس پی ایچ ڈی بھی کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ آل انڈیا ریڈیو، ٹیلی ویژن دور درشن کے پروگراموں میں بھی ان کی شرکت ہوتی رہی ہے۔ گولڈ میڈل کے علاوہ بہت سے ایوارڈ سے سرفراز بھی ہوچکے ہیں۔ کئی مؤقر اداروں کے ممبر بھی ہیں او رانھیں طویل انتظامی تجربہ بھی ہے۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کا تعلق بہار کے موتیہاری ضلع سے ہے۔ انھوں نے بہار یونیورسٹی مظفرپور سے بی اے اور دہلی یونیورسٹی سے ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ نئے ڈائریکٹرنے قومی اردو کونسل کے دفتر میں منعقدہ استقبالیہ تقریر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اردو کی ترقی کے لیے پابند عہد ہوں۔ میںہندوستان کے ہر ایک گاؤں میں اردو زبان کو پہنچانا چاہتا ہوں۔ میرا مقصد اردو کے بنیادی تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہے۔ اردو کاز کے لیے میں ہمہ وقت تیار ہوں۔ اس کے لیے مجھ سے جو کچھ بھی ہوسکے گا ضرور کروں گا۔
استقبالیہ تقریب میں سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم، پروفیسر ابن کنول (صدر شعبۂ اردو دہلی یونیورسٹی )، ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی، ڈاکٹر ترون اور ڈاکٹر ایم رحمت اللہ نے ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کو ڈائرکٹر بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات پیش کیں۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ڈائرکٹر انتظامیہ کمل سنگھ نے انجام دیے۔