ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کو ریاستی سطح کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

21سالہ تدریسی خدمات کو خراج۔ ریاستی وزیر تعلیم کے ہاتھوں ایوارڈ کی پیشکشی
\"\"

محبوب نگر(5ستمبر۔ راست) ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی وائس پرنسپل و صدر شعبہ اردو این ٹی آر گورنمنٹ ڈگری کالج محبوب نگر کو حکومت تلنگانہ نے ریاستی سطح کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ پیش کیا ہے۔ رویندرا بھارتی میں یوم اساتذہ تقریب کے موقع پر ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جی جگدیش ریڈی‘کمنشنرکالجیٹ ایجوکیشن مسٹر نوین متل کے ہاتھوں انہیں ایوارڈ‘طلائی تمغہ‘کیسہ زر ‘ توصیف نامہ پیش کیا گیا۔ پالمورو یونیورسٹی علاقہ ضلع محبوب نگر سے کالجیٹ ایجوکیشن اساتذہ میں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی واحد لیکچرر تھے جنہیں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے بہ حیثیت جونیر لیکچرر ناگر کرنول سے 1998ء میں سرکاری ملازمت کا آغاز کیا۔ سنگاریڈی میں خدمات کے بعد بہ حیثیت ڈگری لیکچرر و اسسٹنٹ پروفیسر انہیں ترقی ملی انہوں نے 2012ء تک ظہیر آباد‘2018ء تک نظام آباد میں بہ حیثیت صدر شعبہ اردو خدمات انجام دہی کے بعد اب ضلع محبوب نگر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فروغ اردو خدمات کے لیے بہ طور خاص انہیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے7تحقیقی کتابیں‘کئی مضامین لکھے۔ وہ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نصابی کتاب کے ایڈیٹر اور انٹرمیڈیٹ اردو نصابی کتاب کے رکن ہیں۔سوشل میڈیا پر فروغ اردو کے لیے مشہور ہیں ۔ اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے انہوں نے آن لائن لیکچر‘ فیس بک گروپ‘یوٹیوب ویڈیو اور دیگر سرگرمیاں انجام دی ہیں۔ یوجی سی اور امبیڈکر یونیورسٹی کے لیے انہوں نے ویڈیو اسباق پیش کئے۔ طلباء کو تعلیم اور ملازمت میں رہبری کرتے ہیں۔ ان کے زیر نگرانی چار طلباء عثمانیہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ان کے زیر نگرانی گری راج کالج نظام آباد میں تین قومی سمینار اور دو ورکشاپ منعقد ہوئے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کو ریاستی سطح کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ملنے کی مسرت میں اساتذہ‘طلباء‘عزیز و اقارب ‘دوست احباب اور شاگردوں نے مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹرمحمد اسلم فاروقی نے اس موقع پر سبھی احباب سے اظہار تشکر کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ ایوارڈ ان کے والدین‘اساتذہ اور شاگروں کی نیک خواہشات کا حصہ ہے اور امید ہے کہ ان کے شاگرد بھی ترقی کرتے ہوئے اس طرح کے اعزازات کے حق دار ہوں گے۔

Leave a Comment