منتظمین کو بڑی تعداد میں مسلمانوں کی شرکت کی امید، شرکاء کو نظم و نسق اور ضابطوں کا خیال رکھنے کی تلقین
٭ڈاکٹر محمدراغب دیشمکھ کی رپورٹ
کھام گائوں ،۶؍ نومبر۔ یکساں سول کوڈ کے خلاف،مسلم پرسنل لاء کے تحفظ اور زندگی کے تمام شعبوں میں مسلمانوں کو ۵؍ فیصد ریزرویشن دینے کے ساتھ تحفظ شریعت کمیٹی و اراکین کھام گائوں کی جانب سے بروز منگل ۸؍نومبر کو صبح ۹ ؍ بجے سے دوپہر ۱؍ بجے تک عظیم الشان اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جلسہ مقامی بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نگر پریشد میدان کھام گائوں میں رکھا گیا ہے جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہے۔ منتظمین کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ اس تعلق سے تمام یونٹس کے ذمہ داران کو کئی دن قبل ہی خبر کردیا گیا تھا چنانچہ اسی حساب سے تیاری کی گئی ہے ۔کھام گائوں کے اجلاس میں بلڈانہ اور آکولہ اضلاع سے اُمت المسلمین کی بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
تحفظ شریعت کے تحت ہونے والے عظیم الشان اجلاس کی صدارت حضرت مولانا محمد یونس صاحب ندوی امام و خطیب مرکز مسجد جونا فیل کرینگے۔ حضرت مفتی محمد اشفاق حاحب قاسمی دارالقضا ء مومن پورہ آکولہ، حضرت مولانا سید ظہیر الاسلام ذکی میاں خانقاہ نقشبندی بالاپور، حضرات مولانا طفیل احمد صاحب ندوی امام و خطیب نگینہ مسجد آکولہ، مولانا عمران خان صاحب اشرفی صدر جمعیتہ علماء بلڈانہ ضلع، مولانا محمد سہیل صاحب نظامی، مولانا خلیل صاحب اشرفی، حافظ عظمت اللہ خان صاحب، مولانا محسن رضا صاحب، مولانا عمران صاحب ندوی، نعت خواں حافظ سرفراز خان صاحب، محمد ضیا ء الدین صاحب امیر جماعت اسلامی کھام گائوں، خصوصی طور پر شرکت کرکے عوام سے خطاب فرمائے گے۔ مذکورہ اجلاس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ تحفظ شریعت کمیٹی کھام گائوں کے منتظمین نے برادران اسلام سے گذارش کی ہے کہ تحفظ شریعت اجلاس میں کثیر تعداد میں شرکت فرما کر ملّی بیداری کا ثبوت دیںکر اجلاس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
مسلمانوں میں جوش و خروش
حافظ عظمت اللہ خان صاحب نے اس نامہ نگار سے بات چیت میں بتایا کہ’’ بڑے پیمانے پر لوگوں کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ پوری قوت کے ساتھ اس اہم مسٔلہ پر آواز بلند کی جاسکے۔ انھوں نے کہا مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن اگر شریعت مطہرہ پر حرف آجائے تو اسے کبھی گوارا نہیں کرسکتا۔ انھوں نے آگے کہا کہ امید ہے کہ امبیڈکر میدان میں شرکاء کا جم غفیر اکٹھا ہوگا۔ احتجاجی جلسہ عام میں شرکت کے لئے بڑے پیمانے پر تیاری کی گئی ہے اور باہم مختلف میٹنگوں کے علاوہ ہورڈنگ اور بینر لگائے گئے ہیں۔
امن و امان قائم رکھنے کی اپیل
مولانا محمد انیس صاحب اشرفی صدر تحفظ شریعت کمیٹی کھام گائوں کہا کہ ’’شرکاء راستے میں اور احتجاج کے دوران بھی نظم و نسق کا پورا خیال رکھیں اور ہر گز ایسا کوئی عمل نہ کریں جس سے کسی کو لب کشائی یا شکایت کا موقع ملے۔ ‘‘ اس کے علاوہ جن مسائل پر ہم سب جمع ہورہے ہیں اس پر متحد ہوکر پوری قوت کے ساتھ آواز بلند کریں تاکہ حکومت اپنا فیصلہ بدلنے پر مجبور ہو۔