اردو اسپیکنگ یونین ماریشس کے زیر اہتمام مرزا غالب پر دوروزہ سیمینار کا انعقاد

\"\"

ماریشس(اسٹاف رپورٹر)۲۲ اور ۲۳ نومبر ۲۰۱۹ ؁ کو سرزمین ماریشس میں ہندوستانی ہائی کمیشن (ماریشس) اور آئی سی سی آر کے اشتراک سے اردو اسپیکنگ یونین (ماریشس) کے زیر اہتمام مرزا غاؔلب پر دو روزہ بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا۔ جس میں ہندوستان سے مندوبین تشریف لائے ہوئے تھے۔ ۲۲ نومبر ۲۰۱۹ ؁ کو شام کے تین بجےسیمینار کا افتتاح ہوا ۔ڈاکٹر صابر گوڈر (اردو اسپیکنگ یونین کے نائب صدر)  نظامت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ پھراردو اسپیکنگ یونین کے صدر جناب شہزاد عبد اللہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ ڈاکٹر آصف علی محمد (ماریشس کے مہاتما گاندھی انسٹیٹیوٹ کے صدرِ شعبہ ٔ اردو )نے مندوبین کا فرداً فرداً تعارف پیش کیا۔ محترمہ تاشیانہ شمتالی (اردوایجوکیٹر+ریسرچ اسکالر، اوپن یونیورسٹی آف ماریشس )نے پروفیسر علی احمد فاطمی(الہ آباد یونیورسٹی ) ، پروفیسر انور پاشا(جے این یو، دہلی ) اور پروفیسر خواجہ اکرام الدین (جے این یو، دہلی )  کا گلدستہ پیش کر استقبال کیا۔ پھر عبد الحمید صوبیہ نے اپنی   نہایت ہی خوش کن آواز میں مرزا غاؔلب کی ایک غزل ترنم میں سنائی۔ اس کے بعد سفیرِ ہند قابلِ صد احترام تن مایہ لعل صاحب نے تقریر کی ۔ پھر وزیرِ فنون و ثقافت معزز جناب اویناش آبیلک نے اپنی تقریر کے بعد سیمینار کے افتتاح کا اعلان کیا۔ آخر میں جے این یو کے پروفیسر انور پاشا نے صدارتی خطبہ کیا۔جس میں انہوں نے مرزا غاؔلب کی عصری معنویت کے ساتھ ساتھ غاؔلب کی شاعری کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اپنےپرکیف اندازِ گفتار سے حاضرینِ محفل کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ بعد ازاں اس تقریب میں تین کتابوں کی رونمائی ہوئی جن کی تفصیلات ذیل میں درج ہیں :
اردو کا عالمی تناظر:مولف ۔پروفیسر خواجہ اکرام الدین (جے این یو، دہلی ) ۔   
 ماریشس میں اردو زبان و ادب:مصنف ۔محمد ثنا اللہ (ریسرچ اسکالر ،جے این یو، دہلی ) ۔
قبال اور جوش کے کلام کا تقابلی مطالعہ:مصنفہ۔ تاشیانہ شمتالی (اردوایجوکیٹر، ریسرچ اسکالر، اوپن یونیورسٹی آف ماریشس،قونصل ممبر، اردو اسپیکنگ یونین ،ماریشس )
ان تین کتابوں کی رسمِ رونمائی  کے بعد انور دوست محمد (اردو اسپیکنگ یونین کے سکریٹری) نے شکریہ کے کلمات ادا کیے۔اس کے بعد یعنی سوا پانچ بجے بلال لال محمد ((اردو اسپیکنگ یونین کے نائب صدر) نے اپنی تولی کے ساتھ غزل سرائی کا پروگرام  پیش کیا۔ مندوبین کے ساتھ ساتھ تمام حاضرین ِ محفل نے خوب غزل سراؤں کو داد دی اور چھ بجے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔
ڈاکٹر آصف علی محمد (صدرِ شعبہ ٔ اردو، مہاتما گاندھی انسٹیٹیوٹ +قونصل ممبر، اردو اسپیکنگ یونین،ماریشس )
\"\"

Leave a Comment