’’اتحاد ملت فاؤنڈیشن‘‘کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں میں رمضان پیکیج کی تقسیم

فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اوردیگر علماء کا خطاب
\"DSC_7293\"
حیدرآباد ۔’’سب سے بہتر انسان وہ ہے جو دوسرے انسانوں اور اللہ تعالی کی دیگر مخلوق کے کام آئے، آقا ﷺ کا ارشاد ہے: خیر الناس من ینفع الناس، سب سے بہتر آدمی وہ ہے جو لوگوں کو فائدہ پہونچائے،یہ وہ صفت ہے جو انسان کو دیگر مخلوقات سے ممتاز کرتی ہے۔ صرف اپنے لیے فکر مند رہنا اور دوسروں کے درد وتکلیف کی طرف توجہ نہ دینے والا صحیح معنوں میں انسان کہلانے کا مستحق بھی نہیں ہے۔ انسان تو وہ ہے جو دوسروں کے درد وغم، رنج والم، تکلیف وپریشانی اور مصائب ومشکلات کو سمجھے اور حتی المقدور اسے حل کرنے کی کوشش کرے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار فقیہ العصر، عالمی شہرت یافتہ عالم دین حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مد ظلہ العالی نے اتحاد ملت فاؤنڈیشن، حیدرآباد کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں کے درمیان رمضان پیکیج کی تقسیم کے لیے منعقد کیے گئے ایک پروگرام کے دوران کیا۔مولانا نے مزید کہا کہ: غرباء ومساکین کا تعاون کرنانبوی صفت ہے، اللہ کے رسول ﷺ نبوت سے پہلے بھی ان کے بہت کا م آتے تھے، اس میں مسلم و غیر مسلم کی کوئی تفریق نہیں ہے؛ بلکہ یہ کام انسانیت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ برما کے مہاجر مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: اپنے ایمان و عقیدہ کو مضبوطی سے سنبھالے رکھیے اور میدان عمل میں اتر کر علم وہنر سے آراستہ ہوجائیے، صحابہ کرام جب مکہ سے مدینہ ہجرت کرکے آئے تو ا نہوں نے مدینہ میں محنت کی، تجارتی میدان میں اترے، اور کاروبار میں بہت سارے لوگوں پر فوقیت لے گئے۔
اس پروگرام میں دار العلوم سبیل السلام، حیدرآباد کے شیخ الحدیث مولانا شمیم آزاد قاسمی مکی اور مولانا محمد سراج الہدی ندوی ازہری نے بھی شرکت کی اور حاضرین کو مخاطب کیا، تمام خطابات وبیانات کا ترجمہ برمی زبان میں بھی کیا گیا۔دیگرمہمانان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونے والے حضرات میں سرفہرست جناب بابوراؤ صاحب (عبدالرحمن) ایڈیشنل ڈی سی پی، حیدرآباد، تلنگانہ، جناب مشتاق احمد، جناب عبد اللہ الیاس، جناب سید مشتاق شاہ (صدر ابتدائی مجلس اتحاد المسلمین، میلاردیوپلی) جناب شیخ فہیم (ڈائمک ممبر آف ٹی آر ایس) جناب محمد محمود عالم، جناب سید تنویر عالم (کرناٹک ٹرانسپورٹ)، جناب سالم سری نواس سینو، مولانا محمد شمیم احمد(ناظم مدرسہ خیر الانام، حیدرآباد)، جناب مولانا عبد اللہ قاسمی (ممبئی) وغیرہم کے نام ہیں۔’’ اتحاد ملت فاؤنڈیشن، حیدرآباد‘‘ کے صدر مولانا مفتی محمد غفران ربانی قاسمی حسامی اور نائب صدر جناب مولانا مبشر عالم قاسمی نے آنے والوں کا استقبال کیا اور تمام مہمانوں او ر شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اورلوگوں کو آئندہ کے اپنے عزائم سے واقف کرایا، پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت نبی سے ہوا اور اختتام حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی دعا پر ہوا۔

Leave a Comment