اردو دلوں کو جوڑنے والی عالمی سطح کی مقبول زبان

اردو کو روزگار سے جوڑا جائے۔ گری راج کالج میںعالمی یوم مادری زبان تقریب کا اہتمام
\"28167914_1653200764772517_4908681006251731674_n\"

نظام آباد(اسٹاف رپورٹر) اردو عالمی سطح کی مقبول زبان ہے۔ اس زبان کی شیرینی اور دلوں کو جوڑنے والی گنگا جمنی تہذیبی خصوصیت کے سبب بلا لحاظ مذہب و ملت سارے عالم میں مقبول زبان ہے۔ اور مشاعروں اور تہذیب و ثقافت کی علمبرداری کرتے ہوئے اردو زبان آج اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی سے جڑ گئی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے 21فروری عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر ہم عہد کریں کہ اردو کے ساتھ اٹوٹ وابستگی رکھیں گے اور دوسروں کو اردو زبان سکھاتے ہوئے اردو تہذیب کو اگلی نسلوں تک پہونچانے کا اہتمام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد نے کالج کے ای کلاس روم میںمنعقدہ یوم اردو تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کالج کے طلباء و طالبات سے کہا کہ عالمی ادارہ یونیسکو نے 21فروری کو عالمی یوم مادری زبان قرار دیا ہے۔ بنگالی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی تحریک کے دوران کچھ نوجوان ہلاک ہوگئے تھے ان کی جدوجہد کی یادگار کے طور پر یہ دن منایا جاتا ہے اور زبانوں کے ذریعے پیدا کی جانے والی ہم آہنگی کو یاد کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ امیر خسرو میر و غالب اقبال و پریم چند کی اس اردو زبان نے جد وجہد آزادی میں انقلاب زندہ باد جیسا نعرہ دیا تھا۔ اردو مسلمانوں کی نہیں بلکہ عالمی زبان ہے اسے کسی مذہب سے جوڑنا مناسب نہیں۔ اردو میڈیم کے طلباء کو مایوس نہیں ہونا چاہیے اور اردو یونیورسٹی میں موجود اردو میڈیم سے اعلی تعلیم کی سہولت سے استفادہ کرنا چاہیے۔ تلنگانہ میں حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان قرار دیا ہے جس کی بدولت اردو ترقی کرے گی اور اردو مترجمین کی جائیدادوں سے اردو دانوں کو فائدہ ہوگا۔ محمد شاداب متعلم بی کام سال آخر نے کہا کہ اردو زبان میں ہمارا مذہبی اور تہذیبی سرمایہ ہے جس سے اردو مادری زبان کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ عمران ملک بی کام سال دوم نے کہا کہ اردو میں کامرس جیسے مضمون کو پڑھنے سے بھی ہمیں روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔اردو مادری زبان اچھی پڑھی جائے تو دیگر مضامین میں سہولت ہوگی۔ فرزانہ بیگم بی اے سال دوم نے کہا کہ اردو زبان کے ساتھ ہماری تہذیب اور ہمارے اخلاق وابستہ ہیں ۔ آج ہم نے اپنی زبان کے ساتھ لا پرواہی کی اس لیے ہم تہذیبی اور اخلاقی پسماندگی کا شکار ہیں قرآن عربی میں نازل ہوا اس کا پیغام جاننے کے لیے قرآن کا اردو ترجمہ پڑھنا ضروری ہے۔ محمد ارشاد بی اے سال دوم نے کہا کہ اردو کے ساتھ روزگار کے مواقع ہیں اور فلمی صنعت میں بھی مکالمہ نگاری اسکرپٹ رائٹنگ اور اشتہار سازی کے ساتھ اردو سے دولت کمائی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے اردو کے استاد ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی مثالی ہیں جو اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں بی اے کی طالبہ منیبہ ندا ایوبی بی اے سال دوم نے اردو سے متعلق اشعار سنائے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے پروجیکٹر کی مدد سے اردو تہذیبی پروگرام ’’ اردو ہے مرا نام‘‘ پیش کیا۔ جسے فیس بک پر براہ راسٹ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ کالج کے پرنسپل مسٹر رام موہن ریڈی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں طلباء کو مادری زبان میں تخلیقی صلاحیتیں ابھارنے پر زور دیا انگریزی لیکچرر سنیل کمار نے مادری زبان کے ساتھ بین الاقوامی زبان انگریزی کی اہمیت اجاگر کی۔ محمد نعمان بی کام سال دوم‘محمد شہباز بی کام سال آخر اور دیگر طلباء نے تعلیمی مظاہرے پیش کیے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے اعلان کیا کہ کالج میں اردو ترجمہ نگاری کے فن پر ورکشاپ کا عنقریب انعقاد عمل میںلایا جائے گا۔
\"27972764_1651887571570503_2633277297958430369_n\"

Leave a Comment