اردو یونیورسٹی میں یوروپی وفد کی آمد، تعارف اسلام کے موضوع پر ڈاکٹر محمد فہیم اختر کا خطاب

\"hmi-pic\"

حیدرآباد، 24؍ اکتوبر (اسٹاف رپورٹر) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں ہنری مارٹن انسٹیٹیوٹ سے مذہبی رہنماوں پر مشتمل یوروپی وفد کی آمد ہوئی۔ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے اس وفد کا مقصد اسلام کے بارے میں تعارف حاصل کرنا اور غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا۔ وفد نے خطبہ اور نماز جمعہ کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی اور خطبہ ونماز جمعہ کا مشاہدہ کیا۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق ڈاکٹر محمد فہیم اختر ، صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ’’تعارف اسلام ‘‘ کے موضوع پر وفد کو خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لفظ اسلام کے معنی امن وسلامتی اور احکام خداوندی کے سامنے اپنی ذات کو سپرد کردینے کے ہیں۔توحیدیعنی اللہ کو ایک ماننا اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے۔ تمام پیغمبروں پر ایمان لائے بغیر ایمان کی تکمیل نہیں ہوتی۔ آخرت کا عقیدہ انسان کو صحیح عمل پر گامزن رکھتا ہے۔ انہوں نے ارکان اسلام پر گفتگو کرتے ہوئے طہارت، اذان، نماز، روزہ ، تراویح، عید، زکوٰۃ اور حج نیز پانچوں ارکان کی بنیادی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ اسلام کے بنیادی تصورات پر روشنی ڈالتے ہوئے مساوات اور حلال وحرام پر گفتگو کی ۔ مالی معاملات اور خورد ونوش میں جائز وناجائز امور کی حکمتوں کو بھی واضح کیا۔ شادی کے اسلامی طریقہ کی وضاحت کی۔ ڈاکٹر فہیم اختر نے لکچر کے آخر میں عمومی طور پر زیر بحث آنے والے موضوعات مثلاً مدرسہ، فتویٰ، طلاق اور پردہ کے عنوان پر بھی اسلامی احکام اور ان کی مصلحتوں کو ذکر کیا۔ خطاب کے بعد اسلامی عقائد اور سماجی مسائل کے مختلف پہلوؤں پر حاضرین نے اپنے سوالات پیش کئے اور مقرر نے ان کے جوابات دئے۔ پروگرام کے آغاز میں رخسانہ بیگم (ایم اے سال اول ) نے قرآن مجید کی تلاوت انگریزی زبان میں ترجمہ کے ساتھ پیش کی۔ محترمہ سیدہ آمنہ(استاذ شعبہ ) نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔

Leave a Comment