’اُردوزبان وادب :ابتداوارتقاء ‘کے موضوع پر جموں یونیورسٹی میں توسیعی لیکچر کا انعقاد

\"\"

جموں،(اسٹاف رپورٹر)شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے ’اُردوزبان وادب :ابتداوارتقاء ‘‘کے موضوع پر توسیعی لیکچرکااہتمام کیاجس کے تحت نامور اُردو اسکالر اورچیئرمین سکول آف لنگویجز جواہرلعل نہرو یونیورسٹی پروفیسر نصیر احمد نے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے طلباء واسکالرزکو اُردوزبان وادب کی ابتداء اورارتقاء کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔انہوں نے اُردوزبان کے لسانی پہلوئوں پرروشنی ڈالتے ہوئے فارسی اورسنسکرت کواُردوکی ماں قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مختلف مذاہب کے لوگوں نے اُردوزبان وادب کی ترویج میں اہم کردار اداکیاہے جس کی وجہ سے اُردو ایک رابطے کی زبان بن کراُبھری۔ انہوں نے کہاکہ اُردوکی جڑیں سنسکرت اور فارسی سے جاکرملتی ہیں اس لیے کہاجاسکتاہے کہ سنسکرت اور فارسی کی آمیز ش سے جوزبان وجودمیں آئی وہ اُردوہے۔ پروفیسرنصیرخان نے کہاکہ اُردوایک تہذیب یافتہ زبان ہے جس میں ہندوستان کی ثقافت سمائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گولف ممالک میں اُردو بولناہرکوئی پسندکرتاہے ۔یہاں تک کہ یورپ میں بھی روزبروز اُردوزبان ترقی وترویج کی مراحل طے کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اُردوزبان کاکسی مذہب کے ساتھ تعلق نہیں ہے بلکہ یہ زبان خالص ہندوستانی زبان ہے ۔انہوں نے اُردوریسرچ طریقہ کار ، اُروریسرچ اور سناپسز تیارکرنے کے طریقوں سے متعلق بھی خیالات کااظہارکیا۔ اس دوران اسکالروں وطلباء نے اُردوزبان اورتحقیق کے مختلف پہلوئوں سے متعلق سوالات بھی اُجاگرکیاجن کاپروفیسرنصیرنے خوش اسلوبی سے جواب دیا۔توسیعی لیکچر کی صدارت ریاست کے نامور مورخ اسیرؔکشتواڑی نے کی۔انہوں نے صدارتی خطاب میں شعبہ اُردوکواہم موضوع پر توسیعی لیکچرکے انعقاد کیلئے مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے کہاکہ ریسرچ اسکالروں کوجانبدارانہ تحقیق سے پرہیزاوراپنے موضوع کے ساتھ پوراپورانصاف کر ناچاہیئے ۔انہوں نے کہاکہ اُردوزبان وادب کی جڑیں ہندوستان میں پیوست ہیں اسی مناسبت سے اسے ہندوستانی زبان کہاجاتاہے۔قبل ازیں صدرشعبہ اُردو پروفیسر شہاب عنایت ملک نے پروفیسر نصیراحمدخان کاتعارف شرکاء سے کرایا۔انہوں نے کہاکہ پروفیسرنصیراحمدخان موجودہ دور کے نامور ادیب ہیں اور30 کتابوں کے مصنف ہیں۔ پروفیسر خان چیئرمین سکول آف لنگویجزجواہرلعل نہرو کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موصوف اس اندراگاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی سے منسلک ہیں اورایم اے اُردو کاسلیبس ونصاب تیارکرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پروفیسرنصیراحمدخان متعددقومی اوربین الاقوامی سیمیناروں میں شرکت کرچکے ہیں۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹرمحمدریاض احمدنے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے پیش کی۔اس دوران ڈاکٹر چمن لعل ،ڈاکٹرفرحت شمیم ، طلباء ،اسکالرزاورسول سوسائٹی ممبران بھی موجودتھے۔

Leave a Comment