ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کا ویمنس ڈگر ی کالج محبوب نگر تبادلہ

اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور فروغ اردو خدمات پر محبان اردو کا خراج
\"\"

نظام آباد۔2جولائی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن حیدرآباد سے جاری اعلامیہ کے بموجب ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد کا تبادلہ عمل میں آیا ہے۔اوراب وہ صدر شعبہ اردو این ٹی آر ویمنس ڈگری کالج محبوب نگر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں گے۔ اردو کے نامور ادیب‘محقق‘نقاد ‘صحافی اور اردو کو ٹیکنالوجی کو جوڑنے کے ماہر ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے گری راج کالج نظام آباد میں چھ سال اپنی خدمات انجام دیں اس دوران انہوں نے کالج میں دو اردو قومی سیمنار‘ایک انگریزی قومی سمینار اور دو اردو ورکشاپ منعقد کئے۔ وہ کالج میگزین کے ایڈیٹر رہے۔ انہوں نے کالج میں کئی معلوماتی لیکچرز منعقد کرائے۔گری راج کالج کے اردو نصاب میں انہوں نے یوجی سی قواعد کے تحت نصاب میں اضافہ کراتے ہوئے نظام آباد کے شعرا اور ادیبوں کی تخلیقات کو شامل نصاب کرایا۔ تحقیق و تنقید کے موضوع پر ان کی چار کتابیں منظر عام پر آئیں ۔ نظام آباد میں اردو تحقیق کے فروغ کے لئے انہوں نے اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد قائم کی جس کے زیر اثر کئی طلبا و طالبا ت کو پی ایچ ڈی میں داخلوں کی رہبری اور مولانا آزاد فائونڈیشن اسکالرشپ کا حصول اور سرکاری ملازمتوں میں رہبری کی ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی فیس بک ‘واٹس اپ اور یوٹیوب سے طلباء کی مسابقتی امتحانات اور دیگر تعلیمی مسائل پر رہبری کرتے ہیں ۔ یوجی سی نیٹ امتحان کے لئے امدادی کتب اور یوٹیوب پر ڈگری اردو نصاب کے ویڈیوز کی پیشکشی کے ذریعے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے کالج کے طلباء کے علاوہ ملک بھر کے اردو طلباء کی آن لائن رہبری کررہے ہیں۔ انٹرنیٹ پر ان کے تعلیمی بلاگ اور حج کا سفر بلاگ مشہور ہیں۔ انہوں نے اردو رسم الخط کے فروغ کے لئے اختراعی پروگرام فون میں اردو گھر گھر میں اردو چلایا ۔ اور کالج میں روز ایک لفظ سیکھئے چار زبانوں میں کے تحت اختراعی اردو بورڈ کو فروغ دیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی انٹرمیڈیٹ بورڈ اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کی نصابی کتابوں کی کمیٹیوں کے رکن ہیں۔ وہ تلنگانہ یونیورسٹی اور عثمانیہ یونیورسٹی کے بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن رہے ہیں۔وہ عثمانیہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کے ریسرچ گائیڈ بھی ہیں ان کے زیر نگرانی چار طلبا اردو سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ ملک بھر کے اردو رسائل میں ان کے تحقیقی مضامین شائع ہوتے ہیں۔ یوجی سی پراجکٹ کے تحت ان کے تعلیمی ویڈیوز جاری ہوئے اور امبیڈکر یونیورسٹی کے تحت انہوں نے دوردرشن پر پروگرام بھی پیش کئے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کے فروغ اردو خدمات پر محبان اردو نظام آباد و تلنگانہ نے اظہار مسرت کیا ہے۔ اور نظام آباد و محبوب نگر کے علاوہ سبھی محبان اردو نے محبوب نگر میں ان کے تبادلے پر اظہار مسرت کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے دوران قیام نظام آباد میں اردو سرگرمیوں کی ترویج کے لئے مقامی اردو صحافیوں اور ریاستی اردو صحافت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے۔ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کی جگہ محمد عبدالرحمن بعد تبادلہ صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد مقرر کئے گئے ہیں۔

Leave a Comment