والتھم فاریسٹ پاکستانی کمیونٹی فورم ۔ لند ن کے زیر اہتمام
شفیق مراد ،عابدہ لال حسین اورسبینہ سحر کو ایوارڈ دیئے گئے
(رپورٹ و فوٹو الف میم) ہمیشہ کی طرح مہینے کی پہلی اتوار مورخہ یکم مئی 2016 تین بجے سے سات بجے تک لندن کی مقبول ترین ادبی تنظیم ’’والتھم فاریسٹ پاکستانی کمیونٹی فورم‘‘ کی جانب سے 425لی برج روڈ لیٹن ،لندن ای ۱۰ کے ہال میں معروف شاعر ،ادیب ٹی وی پیشکار امجد مرزا امجدؔ کی سرکردگی اور نظامت میں حسب ِ معمول ایک یادگار ادبی شام منائی گئی جو جرمنی کے معروف شاعر ’’حاجی شریف احمد ایجوکیشنل انیڈ لٹریری اکیڈیمی‘‘کے بانی و چیف ایگزیکٹوجناب شفیق مراد کے اعزاز میں منعقد ہوئی ۔ہال ہمیشہ کی مانند بھرا ہوا تھا ۔لندن اور گرد ونواح کے ممتاز شعرا ء و شاعرات شریک تھے ۔امجد مرزا نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور آج کی اس ادبی محفل کی صدارت کے لئے والتھم فاریسٹ کے سابقہ میئر نہایت ہردل العزیز شخصیت اردو و پنجابی کے شاعر و ادیب جناب مشہود الفاروق قریشی خاورؔ صاحب کو اسٹیج پر جلوہ افروز ہونے کی دعوت دی ۔ تنظیم کے صدر جناب ڈاکٹر شوکت نواز خان صاحب اور آج کے چیف گیسٹ جناب شفیق مراد کو ان کے ساتھ علاقے کی معروف سماجی شخصیت آغا شمس الدین ،جناب ابراھیم رضوی اور بہت دور سے ہمیشہ اس محفل میں شریک ہونے والی نہایت ہمدرد پر خلوص شاعرہ و ادیبہ محترمہ عابدہ لال شیخ کو اسٹیج پر بلایا۔ جناب فاروق قریشی صاحب نے نہایت خوش الحانی سے تلاوت قرآن پاک سے محفل کی ابتدا کی ،جناب ابراھیم رضوی صاحب نے نعت شریف کے پھول کھلائے ۔جن کے بعد امجد مرزا نے کہا کہ آج کی اس خوبصورت محفل میں ہم WFPCFکی جانب سے چند دوستوں کو ان کی طویل ادبی علمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیں گے لہذا انہوں نے جرمنی سے آئے ہوئے معزز مہمان جناب شفیق مراد کے بارے میں ان کی علمی و ادبی خدمات پر مضمون پڑھا اور بتایا کہ آپ پاکستان ،جرمنی و فرانس میں بے شمار ادبی جلسوں میں ادباء و شعرا کو ان کی ادبی خدمات پر ایوارڈ دے چکے ہیں درجنوں کتابیں اپنی اکیڈیمی کے پلیٹ فورم سے شائع کر چکے ہیں اور پاکستان کے کئی علاقوں میں نادار و غریب طالب علموں کی اعلی تعلیم کا بندوبست کرتے ہیں لہذا آج کی محفل میں ہم انہیں ان کی بے پناہ علمی ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ پیش کرتے ہیں ۔یہ ایوارڈ بھی امجد مرزا نے اپنی مہارت سے نہایت خوبصورت رنگین گرافک میں بنائے تھے۔ اسٹیج پر تشریف فرما تمام معززین نے مل کر انہیں ایوارڈ دیا ۔شفیق مراد نے امجد مرزا کی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے WFPCFکا بھی شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح عابدہ لال شیخ صاحبہ کی سماجی و ادبی خدمات کا زکر کرتے ہوئے امجد مرزا نے بتایا کہ وہ طویل مدت سے اپنے علاقے میں مسجد کی تعمیر اور کمیونٹی سینٹر چلانے میں رات دن مصروف رہتی ہیں ساتھ ہی مسلمان بچیوں کے لئے مناسب رشتوں کا بندو بست حتکہ غریب و نادار بچیوں کی شادیوں میں مالی امداد میں پیش پیش رہتی ہیں ہماری محفل میں موسم اور طویل سفر کی سہوبتیں برداشت کرکے شرکت کرتی ہیںاور ہمیشہ ادبی دوستوں کو تحفے ،پھول پیش کرنے میں اول ہوتی ہیںان کو ایوارڈ دینے کے بعد امجد مرزا نے معروف صاحب کتاب شاعرہ محترمہ سبینہ سحر کو بھی ان کی طویل ادبی و علمی ضدمات کے اعتراف میں خوبصورت رنگین جن میں ان کی تصاویر بھی تھیں فریم شدہ ایوارڈ اسٹیج پر تمام معزز مہمانوں کے ہاتھوں پیش کیا اور بتایا کہ سبینہ سحر ایک اعلی تعلیم یافتہ خاندان کی نہایت لائق بیٹی ہے جنہوں نے پاکستان میں اعلی تعلیم کے بعد یہاں پر بھی مزید تعلیم حاصل کی اور ایک طویل مدت سے وہ کالج میں لیکچرار ہیں آپ بھی ہمیشہ ہماری ادبی تنظیم کی معاون اور مستقل آنے والی ممبر ہیں لہذا انہیں بھی سب نے مل کر ایوارڈ سے نوازا۔ جس پر تمام ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔سب نے اور ایوارڈ یافتہ شعرا نے امجد مرزا کا خاص شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ خوبصورت گرافک تیار کئے او ر شعرا و ادبا کی عزت افزائی کی ایک نئی طرح ڈالی۔
اس کے بعد مشاعرے کی ابتدا ہوئی جس میں امجد مرزا ،اسلم رشید ، نجمہ شاہین ، ڈاکٹر جمال سوری ،شاہین اختر شاہین ، مبارک احمد مبارک ،سبینہ سحر،راجہ محمد الیاس، ضیاء حسن،اقبال گل ،محمود علی محمود ،نعیم سلہریا ، شہزاد بٹ، مسسزستنام کور،ڈاکٹر رحیم اللہ شادؔ،عابدہ لال شیخ، آغا شمس الدین، فرزانہ فرحت ،ابراھیم رضوی، فاروق قریشی نے حصہ لیا ۔اس تمام مدت میں حسب معمول امجد مرزا تمام شعرا و شاعرات کے کلام کی وڈیو بناتے رہے جو وہ یو ٹیوب پر لگا دیتے ہیں جو اب تک 850سے بھی تجاوز کرچکی ہیں اور دینا کے نو ممالک میں دیکھی جاتی ہیں۔پروگرام کی ابتدا میں اور دوران پروگرام میں بھی چائے کا دور چلتا رہا اور مہمانوں کی خاطر تواضع کیک اور بسکٹوں سے کی جاتی رہی ۔آخر میں تنظیم کے صدر جناب ڈاکٹر شوکت نواز خان نے تمام مہمانوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گو ہماری تنظیم میں مشاعرے کا تمام انتظام امجد مرزا سابقہ نو برسوں سے نہایت ذمہ داری اور خوبی سے انجام دے رہے ہیں مگر یہ پلیٹ فورم اس کے علاوہ سماجی کاموں میں بھی مصروف رہتا ہے جن میں ڈرگز، نوجوانوں کی اصلاح، صحت پر سیمنار اور مختلف پروگرام کا انعقاد ہوتا ہے ۔