چودھری چرن سنگھ یو نیورسٹی کے شعبۂ اردو میں ’’جشن سر سید 2016ء ‘‘کے تعلق سے میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ لیا گیا
میرٹھ 9؍ستمبر2016ء چودھری چرن سنگھ یو نیورسٹی کے شعبۂ اردو میں آج شام۵؍ بجے ’’جشن سر سید 2016ء ‘‘کے تعلق سے میٹنگ منعقد ہوئی ۔ صدارت کے فرائض صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر اسلم جمشید پوری نے انجام دیے۔میٹنگ میں ڈاکٹر فرحت خاتون،قاضی قمر الحق، ذیشان احمد خاں ،سید انس سبز واری،حاجی عمران صدیقی،محمد انصار، سلیم احمد سیفی،انجینئر رفعت جمالی، ڈاکٹر آصف علی،ڈاکٹر شاداب علیم،مفتی راحت علی،تابش فرید اور سرسید ایجو کیشنل سوسائٹی کے عہدیداران شریک ہو ئے۔
واضح ہوکہ شعبۂ اردو اپنے قیام کے بعد سے ہر سال سرسید ایجو کیشنل سوسائٹی کے اشتراک سے معروف دانشور اور ماہر تعلیم سرسید احمد خاں کے یوم پیدا ئش ۱۷؍ اکتوبر کے مو قع پر وسیع پیمانے پر مختلف پرو گرا موں کا اہتمام کرتا ہے۔ امسال10؍ اکتوبرسے18 ؍اکتوبرتک کٹھور، موانہ، سردھنا،میرٹھ، غازی آباد، کھتولی ،مظفر نگر، بلند شہر،سیانہ،دیوبند، سہارنپور اور ہاپوڑ وغیرہ اضلاع میں سر سید لیکچر سیریز،سرسید کوئز، تحریری و تقریری مقابلے، آرٹ گیلری اور ریسرچ اسکالرز سیمینار وغیرہ مختلف پرو گراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔بعد ازاں ۱۸؍ اکتوبر کو تحریری و تقریری اور سر سید کوئز کے کامیاب طلباء کو انعامات سے نوازا جائے گاساتھ ہی مختلف شعبہ ہائے زندگی مثلاًتعلیمی، سماجی،طبی،ادبی،صحافتی اورسائنسی شعبوں وغیرہ میں گراں قدرخدمات انجام دینے وا لوں کو’’ سر سید نیشنل ایوارڈ 2016‘‘ سے نوازا جائے گا۔یاد رہے کہ سال، گذشتہ میں صحافت کا ایوارڈ ماہنامہ تہذیب الاخلاق،ادب کا ایوارڈ اردو عربی کی اسکالر ڈاکٹر صالحہ رشید(الہ آباد یونیورسٹی) اور تعلیمی خدمات کے لئے میرٹھ میں علم کی شمع کو روشن رکھنے والے ادارے ایم پی ایس گروپ آف اسکولز کو پیش کئے گئے تھے۔
ہفت روزہ جشن سر سید کا اختتامی اجلاس۱۸؍ اکتوبر2016ء کو شعبۂ اردو کے پریم چند سیمینار ہال میں شام4:00بجے ہو گا۔میٹنگ میںمتفقہ طور پر یہ بھی طے پایا کہ آئندہ2017ء میں سر سید کے200ویں جشن کی مطابقت سے سرسید کو بھارت رتن دیے جانے کی ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔ ساتھ ہی اے ایم یو کے اقلیتی کردار کی لڑا ئی بھی ہر محاذ پر لڑی جائے گی۔یہ بھی طے پایا کہ مسلم طلبہ وطالبات کو مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے تیار کرنے کے لئے کوچنگ سینٹرز کا قیام بھی کیا جائے گا۔