نئی دہلی، (اسٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ نیوز آف انڈیا (اردو سروس) کے سینئر صحافی عابد انور کو ان کی لائق ستائش صحافتی سرگرمیوں کے اعتراف میں آل انڈیا مسلم ایڈووکیٹس فورم فور جسٹس کی طرف سے پرنٹ میڈیا ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔سپریم کورٹ کے مشہور وکیل، اٹارنی سولیسٹر اور آل انڈیا مسلم ایڈووکیٹس فورم فور جسٹس کے سکریٹری جنرل کی سرفرازاحمد صدیقی کے صدارت میں مسلم ایڈووکیٹس فورم کا ایک اہم اجلاس ’بار کونسل کا کردار اور ذمہ داری‘کے عنوان سی منعقد کیا گیا۔ جن میں امتیازی خدمات انجام دینے کے لئے یو این آئی کے سینئر صحافی اور مشہور کالم نگار عابد انور کو ’پرنٹ میڈیا ایکسیلنس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ میں شیلڈ اور شال شامل ہے۔ اردو صحافت کے لئے ہمہ تن وقف عابد انور ایک دہائی سے زائد عرصہ سے اردو صحافت کی واحد قومی ایجنسی یو نائٹًیڈ نیوز آف انڈیا سے وابستہ ہیں۔وہ ایک ہفتہ روزہ مسرت کے مدیر اعلی (اعزازی) بھی ہیں اور روزنامہ اخبار کے مستقل کالم نگار ہیں۔ ان کی صحافتی کاوشوں کے اعتراف میں اس سے پہلے 2016میں انہیں بہار اردواکیڈمی (حکومت بہار) سے بہترین صحافی ’غلام سرور‘ ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے کالم ملک بیرون ملک کے اخبارات و رسائل اورپورٹل میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ان کی فسادات کے تعلق سے رپورٹنگ اور مضامین بھی شائع ہوئے ہیں اور وہ خود فساد زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اور اس کے رپورٹ یا مضامین قلم بند کرتے ہیں۔ ان کی ایک کتاب ’تناظرات‘ 2009میں شائع ہوئی ہے اور کئی کتابیں زیر طباعت ہیں۔