الہ آباد(اسٹاف رپورٹر) الہ آباد یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر رتن لعل ہانگلو کی ذاتی توجہ کی بنا پر الہ آباد یونیورسٹی نے ادیب ماہر ،جامعہ اردو علیگڑھ اور اردو منشی کامل ، جمعیت المومنات ، حیدر آباد کی ڈگری کو اتّر پردیش بوردڈ آف ہائی اسکول اینڈ انٹر میڈئیٹ کے برابر تسلیم کرلیا۔
الہ آباد یونیورسٹی نے ۲۲ ستمبر ۲۰۱۷ کو ہونے والی اکیڈمک کائونسل رزولوشن نمبر ۰۵ / ۲۹ اور ۲۸ اکتوبر ۲۰۱۷ کو ہونے والی ایکزیکیوٹو کائونسل کے رزولوشن نمبر ۰۳/۴۷کے تحت یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ داخلہ امتحانات کے لئے ادیب ماہر ، جامعہ اردو علیگڑھ اور اردو منشی کامل ، جمیعت المومنات ، حیدر آباد کے سرٹیفیکیٹ کو اتّر پردیش بورڈ آف ہائی اسکول اینڈ انٹر میڈئیٹ کے برابر تسلیم کر لیا ہے۔ ان ڈگریوں کو رکھنے والے طلباء الہ آباد یونیورسٹی اور اس سے متعلقہ کالجوںاور انسٹی ٹیوٹ کے انڈر گریجویٹ میں داخلے کے امتحانات میں شریک ہو سکتے ہیں۔ اب سے یہ ڈگریاں الہ آباد یونیورسٹی اور اس کی ٹسٹنگ ایجنسی کے ذریعے وقتاً فوقتاً کرائے جانے والے داخلہ امتحانات کے لئے مان لی گئی ہیں۔ مثلاًجامعہ اردو سے ادیب ماہر کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء بی اے، بی ایس سی، بی ایس سی ہوم سائنس، بی اے ایل ایل بی(اینٹگریٹڈ کورس)،بی ٹیک وغیرہ ایسے کورس جہاں داخلے کے لئے انٹرمیڈئیٹ درکار ہے ، وہاں وہ داخلہ امتحان میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح اردو منشی کامل کی ڈگری رکھنے والے طلباء بی اے اور بی اے ایل ایل بی (اینٹیگریٹڈ کورس) کے داخلہ امتحان میں شامل ہو سکتے ہیںکیونکہ اردو منشی کامل ، حیدر آباد صرف آرٹ اسٹریم کے لئے ہے۔
صدر شعبہ عربی و فارسی ، الہ آباد یونیورسٹی ، ڈاکٹر صالحہ رشید نے کہا کہ ہمیں اپنے وائس چانسلر صاحب کا بے انتہا شکرگذار ہیں جن کی خاص توجہ کی بدولت مدت دراز سے التواء میں پڑا یہ معاملہ اتنی مفید شکل میں سامنے آ سکا ہے۔ ان کے مطابق اردو میڈیم سے پڑھنے والوں کے لئے الہ آباد یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا یہ سنہری موقعہ ہے۔اس کے ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ خواجہ معین الدین چشتی اردو عربی فارسی یونیورسٹی نے عربی مضمون سے گریجویشن کرنے والوں کے لئے بی ایڈ شروع کر دیا ہے۔۲۰۲۰۔۲۰۱۸کورس کے لئے داخلہ امتحان کامن بی ایڈ ٹسٹ کے ساتھ ہوگا۔ان سے ہمارے مدارس کے فارغین بڑی تعداد میں مستفید ہوں گے۔