ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین کی جانب سے جاری آن لائن اردو لرنگ پروگرام کی مقبولیت میں اضافہ

اردوسیکھنے والوں کیلئے سنہری موقع
\"img_1532\"
نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) عہد حاضر میں دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک سے زائد زبانوں کو سیکھنے اور سیکھانے پر زوردیا جا رہا ہے کیونکہ سائنسی اور تکنیکی تعلیم کی مہارت کے ساتھ تہذیبی اور ثقافتی تعلیم کی ضرورت شدت سے محسوس کی جار ہی ہے ۔اسی لئے بڑی زبانوں کو سیکھنے کی طرف رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔اردو بھی اْن زبانوں میں سے ایک ہے جسے سیکھنے کی جانب دنیا بھر کے لوگوں میں ذوق و شوق پایا جاتا ہے۔مگر اردو سیکھنے والوں کا مسئلہ یہ ہے کہ اسکولوں میں ابتدائی تعلیم کا مرحلہ ہو یا اعلیٰ تعلیم کے حصول کا معاملہ،اردو سے شوق رکھنے والے چاہ کر بھی اردو نہیں پڑھ پاتے کیونکہ ان کے پاس یا تو مواقع نہیں ہوتے یا وقت نہیں ہوتا۔ انہی مجبوریوں کو دیکھتے ہوئے جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی کے شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر خواجہ اکرام نے آن لائن اردو لرنگ پروگرام تیار کیا ہے جو کہ اردو میں اپنی نوعیت کا پہلا اردو سیکھنے سیکھانے کا پروگرام ہے جو ثانوی سطح کے طلبہ و طالبات کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خواجہ اکرام سترہ کتابوں کے مصنف ہیں اور بہت سے اعزازات و انعامات حاصل کرچکے ہیں۔وہ اردو زبان پر وہ ایک اتھارٹی سمجھے جاتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کے بنانے کی ضرورت کے حوالے سے ڈاکٹر خواجہ اکرام نے بتایا کہ در اصل ابتدائی سطح پر اردو سیکھنے کے لیے کئی ویب سائٹ اور پروگرام ہیں جو بنیادی تعلیم تو دے دیتے ہیںلیکن ورچول کلاس روم کی تکنیک کے مطابق کوئی ایسا ویب سائٹ اب تک ثانوی سطح پر سامنے نہیں آیا تھا یہ اردو میں پہلا ویب سائٹ ہے۔واقعتا اس ویب سائٹ کو دیکھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں ڈاکٹر خواجہ اکرام نے بہت ہی جانفشانی سے کام لیا ہے۔اس ویب سائٹ میں چھ مختلف کورس بنائے گئے ہیں۔ دنیا کے کسی کونے میں بیٹھ کر طالب علم کلاس رو م کی طرح بیٹھ کر اردو پڑھ لکھ سکتا ہے۔ اس ویب سائٹ کوبنے ابھی چند ہی ماہ ہوئے ہیں لیکن اس کی مقبولیت میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس آن لائن اردو لرنگ پروگرام کی تشکیل کا مقصد اردو زبان و ادب کو دنیا بھر میں پھیلاناہے۔ اردو صرف ایک زبان ہی نہیں بلکہ یہ ایک عظیم الشان تہذیب کی ترجمان بھی ہے، جس کی جڑیں بر صغیر ہند و پاک کی زمینوں میں پوست ہیں۔ اس بڑے خطے کی جغرافیائی ، سماجی اور ثقافتی تاریخ کا مطالعہ اْس وقت تک ممکن نہیں جب تک کہ اِ س خطے میں عوامی رابطے کی زبان کے طور پر بولی جانے والی \”اردو زبان \”اور اس کے شعر وادب سے واقفیت نہ حاصل نہ کی جائے۔اردو زبان سیکھنے کے اس آن لائن پروگرام سے یورپ اور دیگر ممالک جہاں تعلیمی ادراوں میں اردو زبان کی تدریس نہیں ہوتی وہاں رہنے والے بچے یہ زبان اب آسانی سے سیکھ سکیںگے۔ اس کے تحت گھر بیٹھے ، اپنی سہولت کے مطابق اردو بولنا ، لکھنا ، پڑھنا اور اردو الفاظ کی صحیح ادائیگی کا طریقہ سیکھ سکتے ہیںاور یہ محسوس ہوگا کہ آپ اپنے استاد کے روبرو بیٹھے ہیں اور اردو سیکھ رہے ہیں۔ مجموعی اعتبار سے یہ ایک نہایت ہی مفید اور اردو میں اپنی نوعیت کا پہلا ویب سائٹ ہے۔اس کا پتہ یہ ہے http://onlineurdulearning.com

Leave a Comment